تحریک انصاف کا آج قومی اسمبلی سے استعفوں کا امکان، کل پشاور میں جلسہ عام سے آزادی کی از سر نو جدوجہد کا آغاز ہوگا: عمران خان  

تحریک انصاف کا آج قومی اسمبلی سے استعفوں کا امکان، کل پشاور میں جلسہ عام سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

          اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) تحریک انصاف نے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیا، شیخ رشید اور فواد چوہدری نے کہا ہے چوروں اور ڈاکوؤں کیساتھ اسمبلی میں نہیں بیٹھ سکتے، اگر شہباز شریف وزیراعظم منتخب ہوئے تو کل ہی مستعفی ہوجائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف انصاف عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کور کمیٹی ممبران، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلی، گورنرز اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔ اجلاس میں تحریک انصاف کی بطور اپوزیشن پارٹی حکمت عملی طے کی گئی اور کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ عوام کے اندر اور باہر تحریک انصاف مؤثر اپوزیشن کا کردار ادا کریگی۔کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر میں پر امن احتجاج سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور آج سے شروع ہونیوالی عوامی رابطہ مہم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف منگل کے روز پشاور میں بڑے جلسہ عام کا انعقاد کرے گی، اور پشاور جلسے سے سابق وزیر اعظم عمران خان عوامی رابطہ مہم کا آغاز کریں گے۔اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کورکمیٹی نے کہا اگلے انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم کے لئے پارلیمانی بورڈ کو متحرک کیا جائے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا ہم تمام افراد قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے جارہے ہیں، ہم چوروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ نہیں بیٹھ سکتے، شہباز شریف کیساتھ شریک نہیں ہوسکتے، سب نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ مستعفی ہوں گے۔ اس موقع پر موجود فواد چوہدری نے کہا کور کمیٹی میٹنگ میں تمام صورتحال کا بھرپور جائزہ لیا گیا، کور کمیٹی متفق ہے کہ حکومت کی تبدیلی بین الاقوامی رجیم چینج آپریشن تھا جو پاکستان میں ہوا، لیٹر گیٹ کی دستاویز سابق سپیکر، صدر سپریم کورٹ کو بھیج دی ہے، کوئی غیرتمند یہ قبول نہیں کریگا کہ اس کے فیصلے باہر سے کیے جائیں۔ کسی بھی ملک کی غلامی کا سب سے بڑا ثبوت باہر سے فیصلے ہونا ہے، لگتا ہے 1940ء کی طرح عوام کو آزادی کی جدوجہد دوبارہ کرنی ہوگی، کور کمیٹی نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ہمیں اسمبلیوں سے مستعفی ہوجانا چاہیے، ابتدا قومی اسمبلی سے کررہے ہیں، اگر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پر ہمارے اعتراضات منظور نہیں ہوئے تو شبہاز شریف کے وزیراعظم منتخب ہوتے ہی ہم کل ہی اسمبلیوں سے استعفی دیں گے، عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام ہی ملک کی خود مختاری اور جمہوریت کا دفاع کرتے ہیں۔ حکومت کے خاتمے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان 1947ء  میں آزاد ملک بنا لیکن آج پھر سے آزادی کی جدوجہد شروع ہو رہی ہے۔یوں تو پاکستان 1947 میں ایک آزاد ریاست بنا مگر تبدیلء اقتدار کی ایک بیرونی سازش کیخلاف آزادی کی ازسرِ نو جدوجہد کا آج آغاز ہے۔ ہمیشہ یہ کسی ملک کے عوام ہی ہوا کرتے ہیں جو اپنی خودمختاری اور جمہوریت کا تحفظ و دفاع کرتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی کی غیرملکی سازش کے خلاف ہماری جدوجہد کا آغاز ہورہا ہے اور ہمیشہ عوام ہی ملک کی خود مختاری اور جمہوریت کا دفاع کرتے ہیں۔۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی ا?ئی) پارلیمانی پارٹی اجلاس کا شیڈول اور مقام تبدیل کردیا گیا جبکہ عمران خان کل پارلیمنٹ ہاؤس جائیں گے۔۔اراکین آج حلقوں میں عوامی احتجاج کے باعث اجلاس میں شریک نہیں ہوسکتے تھے دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے تحریک انصاف کے اراکین  اسمبلی کی بڑی تعداد اسمبلی سے مستعفی ہونے کے حق میں نہیں اور ان کا کہنا ہے شیخ رشید اورفواد چوہدری پارٹی کوسیاسی منظرنامے سے آؤٹ کر نے کیلئے متحرک ہیں۔اراکین کی رائے ہے مستعفی ہوگئے تو نئی حکومت کو اہم تقرریاں اور قانون سازی پرکھل کرکھیلنے کا موقع ملے گا۔اراکین کا مؤقف ہے کہ اگرایسا ہوگیا توتحریک انصاف کو بطور سیاسی جماعت ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔دوسری جانب تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا آج بلایا گیا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے منحرف گروپ کے رکن راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ہمارے گروپ کے ارکان کا مستعفی ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے اعلان پر ردعمل میں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان ڈٹ گئے۔اس حوالے سے راجہ ریاض نے کہا کہ ہم مستعفی نہیں ہوں گے، تحریک انصاف کی جانب سے استعفے دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، جو لوگ مستعفی ہوں گے ان نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوجائیگا۔
پی ٹی آئی

مزید :

صفحہ اول -