بیٹسمینوں کی نا قص کارگردگی سری لنکا نے 7 وکٹوں سے ٹیسٹ جیت لیا

بیٹسمینوں کی نا قص کارگردگی سری لنکا نے 7 وکٹوں سے ٹیسٹ جیت لیا ...

           گال ( نیٹ نیوز) سری لنکا نے گال ٹیسٹ میں پاکستان کو ڈرامائی انداز میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ چوتھے دن تک بظاہر ڈرا دکھائی دینے والے مقابلے کے آخری دن میزبان ٹیم سری لنکا نے شاندار کھیل پیش کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی اور پوری ٹیم 180 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سرفراز احمد 52 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ رنگنا ہیراتھ نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آئی لینڈرز 99 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو گال انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 4 رنز ایک کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کو توقع کی جا رہی تھی کہ یہ ٹیسٹ ڈرا ہو جائے گا مگر غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی وجہ سے پاکستانی پوری ٹیم محض 180 رنز پر ڈھیر ہوگئی، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد 52 (ناٹ آﺅٹ) اور اظہر علی 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ احمد شہزاد 16 ، سعید اجمل 4 ، یونس خان 13 ، کپتان مصباح الحق 28 ، اسد شفیق 8 ، عبدالرحمان ایک، محمد طلحٰہ 4 اور جنید خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس چلے گئے۔ سری لنکا کی جانب سے رنگنا ہیراتھ نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا اور 48 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ دلروان پریرا نے دو جبکہ شمندا ارنگا اور دھمیکا پرساد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکا نے 99 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ مہیلا جائے وردنے 26 ، کمار سنگاکارا 21 اور اپل تھرنگا 12 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے۔ کپتان اینجلو میتھیوز 25 اور کتھروان وتھنگے 11 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔ جنید خان نے دو اور محمد طلحٰہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 451 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سری لنکا نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 533 رنز بناکر 82 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 14 سے 18 اگست تک کولمبو میںکھیلا جائے گا۔

 

مزید : کھیل اور کھلاڑی