تعمیرو ترقی کے دشمن عناصر عوامی حکومت کیخلاف متحدہوگئے ، شیخ قیصر محمود
لاہور(پ ر) پاکستان مسلم لیگ (ن)اوورسیز کے مرکزی سیکرٹری جنرل شیخ قیصر محمود نے کہا کہ تعمیرو ترقی کے دشمن عناصر عوامی حکومت کیخلاف متحدہوگئے ہیں۔پاکستان کومعاشی خودکفالت کی طرف مارچ اورٹیک آف کرناہے آزادی مارچ والے توآزادی کی اہمیت تک نہیں جانتے،انہیں صرف رنگ میں بھنگ ڈالنا آتا ہے ۔ترقی اورخوشحالی کاراستہ روکناسیاست نہیں ریاست سے عداوت اورمنتخب آئینی حکومت کیخلاف بغاوت ہے عمران خان کاطاہرالقادری کی حمایت میں بیان غورطلب ہے اپنے ایک بیان میں شیخ قیصر محمود نے مزید کہا کہ کچھ لوگ اپنے بیرونی آقاﺅں سے تشدد کاایجنڈا لے کرپاکستان آئے ہیں ان کاامن ،انصاف اورروزگار کا سلوگن محض منشور کے چنداوراق تک محدود ہے ، حقیقت میں یہ پاکستان کو بدامنی ،ناانصافی اوربیروزگاری کی آگ میں جھونک رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تنہا کچھ نہیں کرسکتی ،عوام کوان شرپسندوں کامحاصرہ اورمحاسبہ کرنا ہوگا یہ بیرونی سرمایہ کاروں کوپاکستان سے چلے جانے پرمجبورکررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کے واپس چلے جانے سے ہمارے کئی ملین ہنرمندافراد پھر سے بیروزگار ہوجائیں گے ۔
اگرعمران خان اورڈاکٹرطاہرالقادری عوام کی اشک شوئی نہیں کرسکتے توخداراان کے زخموں پرنمک پاشی تونہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان میں دم ہے تو اپنے حواریوں سمیت غزہ ،برمایاکشمیرمیں جا کروہاں کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے مارچ کریں ۔انہیں پاکستان میں سیاست کی آڑ میں عوام کی آزادی اورجمہوری اقدار داﺅپرلگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ جولوگ ڈنڈوں اوربندوقوں کے زورپر ریاست میں ریاست بنانے کے درپے ہیں ان سے ہرگزنرمی نہیں کی جائے گی ۔