مسلم لیگ( ن) حکومت میں رہنے کا اخلاقی جوازکھو چکی، سعدیہ سہیل
لاہور ( خبرنگار) پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن حکومت میں رہنے کا اخلاقی جوازکھو چکی ہے انہوں نے پورے ملک میںافراتفری کے حالات پیدا کر دیئے ہیں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت عوام کے جان مال کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، بوکھلاہٹ کا شکار حکمران جو حرکتیں کر رہے ہیں لگتا ہے 14 اگست سے پہلے ہی ان کا بوریا بستر گول ہو جائیگا، صوبہ کا بدترین لاءاینڈ آرڈر اور قتل و غارت گری پر بحث کیلئے گورنر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلائیں، پٹرول پمپ اور شاہراہوں کو بند کرنے والے تحریک انصاف کے آزادی مارچ کو نہیں روک سکیں گے، لاکھوں کارکن اپنے گھروں سے اسلام آباد جانے کیلئے نکل پڑے ہیں، انہوں نے کہاکہ عوام کو قانون ہاتھ میں لینے اور سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے، سیاسی کارکنوں پر گولیاں برسائی جارہی ہیں، تھانوں میں سیاسی کارکنوں پر بدترین تشددہورہا ہے حکومت کے عوام دشمن رویے سے کروڑوں لوگ باہر نکلیں گے انہوں نے کہا کہ حکمران سمجھتے ہیں کہ وہ ریاستی غنڈہ گردی کر کے عمران خان کے آزادی مارچ کا راستہ روک لینگے اور ہمارے کارکنوں کو خوفزدہ کرلینگے تو یہ ان کی بہت بڑی بھول ہے تحریک انصاف کے لاکھوں کارکن 14 اگست کے دن تمام حکومتی رکاوٹوں کو روندتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے، بادشاہت سے نجات اور نیا پاکستان تحریک انصاف کی منزل ہے۔