پاکستان کےخلاف ہر سازش ناکام بنانے کےلئے نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرینگے، عرفان دولتانہ
لاہور (خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ عوام نے بہت بڑی تعداد میں پاکستان کی آزادی کے حوالے سے تقریبات میں شرکت کرکے پاکستان کی بربادی چاہنے والوں کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ وہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف اوروزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ساتھ ہیں اور پاکستان کے خلاف ہر سازش ناکام بنانے کے لئے میاں نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں گے انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ کی بنیاد پر لوگوں کو اسلام آباد لے جانے کی ضد پر اٹکا ہوا ہے -ہم سچ کی بنیاد پر لوگوں کا سمندر خیبرپختونخوا لے جائیں گے اگر طاہرالقادری20ہزار لوگ لے کر یہ کہتا ہے کہ میں نظام بدل دوں گا اور عمران خان 50ہزار لوگ لے جا کرمڈٹرم الیکشن کا مطالبہ کرسکتا ہے تو ہم لاکھوں لوگ لے کرعمران خان کا راستہ لاہور میں روکیں گے - اسلام آباد تو کافی دور واقع ہے ، ہم زمان پارک لاہور کا گھیرا¶ کریں گے- جس شہر کی وجہ سے اسے دنیا میں عزت ملی ، آج اسی شہر کے لوگوں کا دیا ہوا مینڈیٹ عمران خان کو گوارا نہیں اس کی حرکتیں مسلم لیگ کو ووٹ دینے والے عوام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہیں عمران خان نے اس شہر کے لوگوں کی محبت تو دیکھی ہے ، انہیں مجبور نہ کیا جائے کہ وہ عمران خان کو اپنا غصہ بھی دکھائیں۔