حکومت بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کےلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، مجتبیٰ شجاع
لاہور ( خبرنگار) صوبائی وزیر خزانہ‘ ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور حکومت بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور بچوں کو بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لئے حفاظتی ٹیکے لگانے اور ویکسین کی فراہمی پر خطیر رقم خرچ کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ متعدی امراض کے کنٹرول کے لیے 2۔ا رب روپے اضافی مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحت میں جاری اخراجات کے لیے 19.8فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے دوان بچوں کو9 مہلک بیماریوں ،ٹی بی،پولیو خناق ،کالی کھانسی،تشنج،ہیپاٹائٹس، گردن توڑ بخار، نمونیہ اور خسرہ سے بچاﺅ کے حفاظتی ٹیکے ہیلتھ سنٹرز،ہسپتالوں اور موبائل ٹیموں کے ذریعے بلا معاضہ لگائے جا تے ہیں انہوںنے کہا کہ گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت کے لئے 60 کروڑ روپے فراہم کئے ہیں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت نے کم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 8ارب75 کروڑ روپے اور ماں و بچے کی صحت بارے ایک منصوبے کے لئے 1.80 ارب روپے فراہم کئے ہیں - انہوں نے کہا کہ ذرا سی غفلت اور حفاظتی ٹیکے بروقت نہ لگانے سے تقریباً ساڑھے سات لاکھ پاکستانی بچے ہر سال مختلف بیماریوں کا شکار ہو کر یا تو زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں یا عمر بھر کی معذوری کا روگ لگ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 121.80 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جو کل بجٹ کا 11.66 فیصد ہے -انہوں نے کہا کہ 4 ارب روپے کی خطیر رقم سے ہیلتھ انشورنس کارڈ کا اجراءکیا جائے گا جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد نہ صرف سرکاری بلکہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی سٹیٹ آف دی آرٹ صحت کی سہولتیں حاصل کر سکیں گے -