تہران: مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ، 7بچوں سمیت48افراد ہلاک

تہران: مسافر بردار طیارہ گر کر تباہ ، 7بچوں سمیت48افراد ہلاک

تہران(اے این این)ایران میں مسافر بردار طیارہ ٹیک آف کے کچھ دیر بعد رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 48 افرادجاں بحق ہوئے ہیں ۔ایرانی میڈیا کے مطابق مسافر بردار طیارہ تہران کے مہر آباد ائرپورٹ سے مشرقی شہر طبس جارہا تھا جو ٹیک آف کے کچھ دیر بعد رہائشی مضافاتی علاقے آزادی میں انجن فیل ہونے کے باعث گر کر تباہ ہوگیا ۔ ایرانی حکام کے مطابق مرنے والوں میں 7 بچے بھی شامل ہیں 10 افراد کی لاشیں ملبے سے نکال لی گئی ہیں ۔یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مرنے والے تمام افراد طیارے کے مسافر تھے یا زمین پر بھی کچھ ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔ اس بارے میں بھی واضح اطلاعات نہیں ہیں کہ طیارہ کس ائر لائن کا تھا ۔ ایک رپورٹ کے مطابق طیارہ تابان ائر لائن کا تھا جبکہ ایک اور رپورٹ میں طیارے کا تعلق سِپاھان ائر لائن سے بتایا گیا ہے ۔اس سے قبل ایران کے شمالی مغربی صوبے میں 2011ءمیں برفانی طوفان کے باعث ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران بوئنگ طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 77افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے ۔

7

مزید : علاقائی