عوامی تحریک کے کارکنوں کے تشدد سے شہید کانسٹیبل آبائی گاوں میں سپردخاک

عوامی تحریک کے کارکنوں کے تشدد سے شہید کانسٹیبل آبائی گاوں میں سپردخاک

لاہور/جہلم (خبرنگار )سانحہ بھیرہ انٹرچینج میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کے تشدد کے نتیجہ میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے کانسٹیبل ملک محمد فیاض کی نماز جنازہ ان کے آبائی گا¶ں سہوترہ، پنڈدانخان میں ادا کر دی گئی -وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور، صوبائی وزیر ہاوسنگ تنویر اسلم ، اراکین پنجاب اسمبلی نذر محمد گوندل،مہر فیاض ، سابق ایم پی اے ندیم خادم ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب سرمد سعید ، آر پی او راولپنڈی اختر حیات لالیکا، کمشنر راولپنڈی زاہد سعید ، کمشنر سرگودھا کیپٹن (ریٹائرڈ)محمد آصف ، ڈی آئی جی سرگودھا عامر اسحق جہانگیر ، ڈی سی او جہلم ذولفقار احمد گھمن، ڈی پی او جہلم سرفراز خان ورک، اعلی پولیس و سول حکام ، منتخب عوامی نمائندوں ، معززین علاقہ اور پولیس اہلکاروں نے بڑی تعداد میںنماز جنازہ میںشرکت کی ۔راجہ اشفاق سرور نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی نمائندگی کی- اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ پنجاب پولیس کی تاریخ صوبے میں امن و امان قائم رکھنے، دہشت گردی پر قابو پانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے عظیم قربانیوں سے بھری پڑی ہے ، حکومت اور عوام کو پولیس کی اعلی خدمات پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب نے شہید ملک محمد فیاض کی شجاعت اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے شہید ملک محمد فیاض کے لئے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے-انہوں نے کہا کہ شہادت کا رتبہ پانا بہت بڑا اعزاز ہے اورجس طرح شہید ملک محمد فیاض نے اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اس پر جس قدر بھی فخر کیا جائے و ہ کم ہے ۔ راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ محمد فیاض کی شہادت ثابت کر تی ہے کہ قوم کسی غیر ملکی ایجنڈے کو قبول نہیں کرتی ،انہوں نے کہاکہ شہید کے اہل خانہ کی حکومت پنجاب کی طرف سے کفالت کی جائے گی ۔راجہ اشفاق سرور نے سوہترہ روڈ کو شہید ملک محمد فیاض کے نام سے منسوب کرنے اور سڑک کی تعمیر و مرمت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا پنجاب پولیس کی طرف سے صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں اور حکومت کی طرف سے پولیس اہلکار وں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی ہر ممکن وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں۔ راجہ اشفاق سرور نے شہید ملک محمد فیاض کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ان تک وزیر اعظم پاکستان اوروزیر اعلی پنجاب کے جذبات پہنچائے ۔میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران راجہ اشفاق سرور نے شہید ملک محمد فیاض کے تین سالہ صاحبزداے محمد طلحہ کو گود میں اٹھا کر پیار کیا- شہید کانسٹیبل ملک محمد فیاض کے بڑے بھائی صوفی ممتاز حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری کا کیا بگڑا ہماری تو دنیا اجڑ گئی ، ظلم کرنے والے خدا کا خوف کریں ۔ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح وزیر اعلی پنجاب نے ہمارے دکھ کو ذاتی طور پر محسوس کیا اور صوبائی وزراءسمیت حکو مت پنجاب کے اعلی حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کے علاوہ ہماری غمگساری کی اس پر ہم وزیر اعلی کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔ بعدا زاں تدفین کے بعد پنجاب پولیس کی طرف سے شہید کو سلامی دی گئی اور قبر پروزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلی پنجاب ، آئی جی پولیس پنجاب ، ایڈیشنل آئی جی اورآر پی او راولپنڈی کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

 

مزید : علاقائی