حکومت آزادی مارچ کیلئے تحریک انصاف کو فری ہینڈ دے،منظور وٹو

حکومت آزادی مارچ کیلئے تحریک انصاف کو فری ہینڈ دے،منظور وٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( خبرنگار)پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ آزادی مارچ کے لیے پی ٹی آئی کو فری ہینڈ دے۔ یہ بات انہوں نے آج یہاں سے جاری ایک بیان میں کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے قائدین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ آزادی مارچ کو پرامن طریقے سے منائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی ایک فریق کی طرف سے بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا گیا تو ملک کا سیاسی بحران مزید سنگین شکل اختیار کر لے گا۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ عمران خان بلاشبہ ایک قومی لیڈر کی حیثیت سے جو ابھرے ہیں وہ جمہوریت کی ہی مرہونِ منت ہے اس لیے ان کا فرض ہے کہ وہ غیر جمہوری طاقتوں کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں جو کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لوگوں نے بڑی قربانیوں کے بعد جمہوریت حاصل کی ہے جو کہ طالع آزماؤں نے ان سے چھین رکھی تھی۔ میاں منظور احمد وٹو نے پاکستان عوامی تحریک کے اُن کارکنوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا جنہوں نے گیس ماسک اور ڈنڈے اٹھا رکھے تھے کہ یہ سب پنجاب حکومت کے بے جا طاقت کے استعمال کا رد عمل ہے ۔ پنجاب حکومت نے اس واقعہ سے سبق سیکھنے کی بجائے پھر وہی غلطی دہرا رہی ہے۔ اس وقت ماڈل ٹاؤن اور اسکے مضافات کو بے شمار کنٹینرز لگا کر مکینوں کو بند کر دیا ہے اور شہری زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت پر غیر متزلزل یقین رکھتی ہے اور اسکے دوام اور حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔
منظور وٹو

مزید :

علاقائی -