آزادی مارچ ضرور ہو گا ،جمہوریت پٹڑی سے اتری تو ذمہ داروزیر اعظم ہونگے،تحریک انصاف

آزادی مارچ ضرور ہو گا ،جمہوریت پٹڑی سے اتری تو ذمہ داروزیر اعظم ہونگے،تحریک ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                               اسلام آباد( اے این این ،آن لائن) تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے 14اگست کو ہر صورت میں آزادی مارچ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم ہوںگے۔ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس اتوارکو چیئرمین عمران خان کے زیر صدارت بنی گالہ میں ہوا۔اجلاس میں آزادی مارچ سے متعلق پارٹی کی حکمت عملی کی منظوری دی گئی جبکہ آزادی مارچ سے متعلق ملک بھر میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف کا آزادی مارچ ہر حال میں ہوگا اور 14 اگست سے پہلے حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے۔ کور کمیٹی نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو ہر صورت استعفیٰ دینا پڑے گا ۔اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ تحریک انصاف کا آزادی مارچ پر امن ہو گا اور ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں بلکہ مستحکم کرنے کے لئے آزادی مارچ کر رہے ہیں، گرفتاریاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، اگرعمران خان یا تحریک انصاف کے کسی رہنما کو گرفتار کیا گیا یا ہمارے آزادی مارچ میں خلل ڈالا گیا تو اس کے نتیجے میں قوم کو جو نقصان پہنچے گا چاہے وہ مارشل لاکی صورت میں ہو یا کسی اور صورت میں اس کے ذمہ دار حکمران ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر جمہوری حرکتیں کرنے سے حکومت کے اقتدار کی مدت کم ہو گی، عمران خان کو گرفتار کرنا حکومت کی سب سے بڑی سیاسی غلطی ہو گی۔ ہم نہ مارشل لا کے حامی ہیں اور نہ مارشل لا برداشت کر سکتے ہیں بلکہ ہماری جدو جہد مارشل لا کے خلاف ہے۔ تحریک انصاف کی ترجمان شیریں مزاری نے کہا کہ کور کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ آزادی مارچ ہر صورت میں ہو کر رہے گا، 14 اگست سے پہلے کسی سے کوئی بات نہیں ہو گی، حکومت کے ساتھ اب جو بھی بات ہو گی ،وہ 14 اگست کو اسلام آباد میں ہی ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت ڈی ریل ہوئی تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم نواز شریف اور ان کی حکومت ہو گی، اب نواز شریف کو استعفیٰ دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے اسلام آباد پہنچیں گے، حکومت ہمارے کارکنان کو آنے سے نہ روکے اور پٹرول پمپس کھولے جائیں۔ انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ساتھ سامان بھی لے کر آئیں،آن لائن کے مطابق تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی ، وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی، چودھری شفقت محمود، جہانگیر ترین، عارف علوی، اسد عمر، منزہ حسن، ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک، اعظم خان اور فوزیہ قصوری سمیت دیگر نے شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -