فوجی کی رہائی کا بدلہ ،سیالکوٹ باﺅنڈری لائن پربھارت کی فائرنگ،دوپاکستانی جاں بحق

فوجی کی رہائی کا بدلہ ،سیالکوٹ باﺅنڈری لائن پربھارت کی فائرنگ،دوپاکستانی ...
فوجی کی رہائی کا بدلہ ،سیالکوٹ باﺅنڈری لائن پربھارت کی فائرنگ،دوپاکستانی جاں بحق

  

سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی فوج نے پاکستان کی جانب سے ایک فوجی کی واپسی کا بدلہ چکاتے ہوئے چارواہ اور اکھنور سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت دو جاں بحق جبکہ چار افراد  زخمی ہوگئے  ۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے چارواہ اور اکھنور سیکٹر پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے بلااشعال فائرنگ اور گولہ بھاری کی، بھارتی سیکیورٹی فورسز نے پاکستانی چیک پوسٹ جمال چند اور رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا جس سے سرحدی علاقوں کی رہائشی ایک خاتون حنیفہ بی بی سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے، بھارتی شیلنگ میں متعدد جانور ہلاک اور زخمی بھی ہوگئے،چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی سے بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں، بھارتی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے سرحدی علاقوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے اور گزشتہ چند دنوں میں بھارتی فورسز کی جانب سے متعدد بار سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے دو روز قبل غلطی سے سرحد پار کرنے والے ایک بھارتی فوجی کو رہا کیا تھا۔

مزید : سیالکوٹ /اہم خبریں