تحریک انصاف ،عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاری کے احکامات جاری ہوگئے
اسلام آباد، راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے مارچ کے پیش نظر پولیس نے جڑواں شہروں کے لیے نیا سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے اور دونوں جماعتوں کے سرگرم کارکنوں کی گرفتاری کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق عمران خان اور طاہر القادری کی جانب سے چودہ اگست کو اسلام آباد پہنچنے کے اعلان کے بعد سیکیورٹی اقدامات کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے اور پولیس کو احتجاجی مارچ کو وفاقی دارالحکومت میں داخلے سے روکنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کردی گئی ہے۔پولیس کو تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے سرگرم کارکنوں اور مقامی قیادت کی زیادہ سے زیادہ گرفتاریوں کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں اورمختلف مقامات پر پولیس کی خصوصی ٹیمیں بھی تعینات کردی گئی ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت کو بھی مختلف ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں اور انہیں جڑواں شہروں کے تاجروں ٹرانسپورٹرز اور مختلف تنظیموں سے ملاقاتوں کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔