بعض لوگ ملک میں تماشا لگانا چاہتے ہیں: سراج الحق
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) جماعت اسلامی کے امیرسراج الحق کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ آگ پر تیل ڈال کررہے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ ملک میں تماشا لگے اور ان کی جگہ بن جائے۔صوبائی دارلحکومت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی سے چترال تک پوری قوم پریشان ہے، قوم ملک میں کوئی سیاسی تصادم نہیں چاہتی، کوشش ہے کہ پاکستان میں پھر کوئی تماشا نہ لگے لیکن کچھ لوگ آگ پر تیل ڈال کر شعلے بلند کرنا چاہتے ہیں ،ان کی کوشش ہے کہ تماشا لگے اور ان کی جگہ بن جائے۔سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عمران خان کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے، انکی جماعت کو بھی دھاندلی سمیت کئی معاملات پر تحفظات ہیں، حکومت نے ہمارے مطالبات کا بروقت جواب نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست اور سیاسی کارکن جمہوریت کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتے، حالات جیسے بھی ہوں ہم کسی صورت غیر جمہوری قوتوں کی حمایت نہیں کریں گے۔