دنیا کے وہ ساحل جو آپ کو مدہوش کردیں
نیویارک (نیوزڈیسک) ساحل سمندر ایک ایسی جگہ ہے، جو بلاتفریق بچوں، بوڑھوں اور خواتین کی پسندیدہ ہوتی ہے، یہاں پہنچ کر ہر فرد خوشی محسوس کرتا ہے۔ ساحل سمندر دنیا کے خوبصورت ترین مقامات میں سے ایک ہوتا ہے، لیکن ہم یہاں آپ کو دنیا کے ان اہم ترین ساحلوں کی سیر کروائیں گے، جو رومانوی اعتبار سے اولین حیثیت رکھتے ہیں۔
گرینڈے پلیج: یہ ساحل فرانس کے شہر بیاریٹز میں واقع ہے، جو ملک بھر میں شہرت رکھتا ہے۔ ملک بھر میں منعقد ہونے والے تمام اہم مقابلہ جات اور تقاریب کا یہاں ہی اہتمام کیا جاتا ہے۔ موسم گرما میں یہاں تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی، کیوں کہ موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے یہاں بہت کچھ ہے۔
ٹیولم: میکسیکو کے ساحلی شہر ٹیولم میں واقع ہونے کے باعث اس ساحل کو اسی نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ تاریخی حیثیت کا حامل یہ شہر میان ثقافت کا عکاس بھی ہے۔ اس ساحل پر کھڑے ہو کر نظر آنے والے ہلکے نیلے پانی اور ریت کا ہلکا پیلا رنگ دلوں کو بہت لبھاتا ہے۔
کرین: کیربیئن ملک بارباڈوس میں واقع یہ ساحل نہایت خوبصورت ہے، جہاں کھڑے ہو کر آپ چمکیلے نیلے رنگ کے پانی کو دیکھ سکتے ہیں۔ یہ ساحل چھٹیاں گزارنے کا بہترین مقام مانا جاتا ہے۔
میسٹیک جزیرہ: سینٹ وینسٹن اور گرینڈینز چھوٹا کیربیئن جزیرہ ہے، جہاں پر موجود ساحل سے اٹھنے والی نیلی اور سبز رنگ کی لہریں محبت کرنے والوں کا دل جکڑ لیتی ہیں۔
کو فی فی ڈون جزیرے کے ساحل: عام طور پر جب لوگ خوبصورت ساحلوں کے بارے میں سوچتے ہیں تو ان کے ذہنوں میں تھائی لینڈ کا نام نہیں آتا، لیکن مذکورہ ساحل کو دیکھ کر آپ کو اپنا ذہن بدلنا پڑ جائے گا۔
بورا بورا: تھیٹی میں واقع یہ ساحل صاف فضا میں سانس لینے کی بہترین جگہ ہے۔ قبل ازیں اس تک سیاحوں کی رسائی مشکل تھی لیکن اب حکومت نے اسے عام شہریوں کے لئے کھول دیا ہے۔
وینس: وینس ساحل اٹلی نہیں بلکہ کیلی فورنیا میں واقع ہے، جو امریکا کی تمام ریاستوں میں اپنی خوبصورتی کے باعث مقبولیت رکھتا ہے۔
ویکیوس: پیورٹو ریکو میں واقع اس جزیرہ کے بارے میں لوگوں کا کہنا ہے کہ آپ اس پر چاہے ایک میل پیدل چل لیں تو کبھی تھکاوٹ کا شکار نہیں ہوں گے۔
میامی: میامی ساحل فلوریڈا میں واقع ہے اور اپنے خوبصورت مناظر کے باعث دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے۔
اینگرا ڈوس رئیس: برازیل میں واقع اس ساحل کو شاہی دامن کوہ بھی کہا جاتا ہے۔
بونڈی: آسٹریلیا کا یہ ساحل سمندر پہاڑیوں سے جڑا ہے، جہاں وقت گزارنے کا احساس تک نہیں ہوتا۔
کوپاکیبانا: یہ ساحل افسانوی حیثیت رکھتا ہے، جہاں تاریخی مقامات کو دیکھنے کے علاوہ بہترین سن باتھ اور پارٹیوں کا مزہ آتا ہے۔
لاس ٹیرینس: اگر آپ کو پرائیویسی کے ساتھ انتہائی شاندار ساحل کی ضرورت ہے تو آپ کو ریاست ہائے جمہوریہ ڈومنی کین کے اس ساحل پر آنا چاہیے۔
75میل: 75میل ساحل کوئینز لینڈ (آسٹریلیا) میں واقع ہے، جہاں سبز اور نیلے رنگ کے سمندری پانی میں سورج کی روشنی ہر شخص کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لیتی ہے۔
ڈیانی: کینیا ایسا ملک نہیں جو ساحل سمندر کی وجہ سے دنیا میں اپنی پہچان رکھتا ہو لیکن ڈیانی ساحل پر ڈوبتے سورج کا منظر قابل بیان نہیں۔
انگالی: یونان میں واقع یہ ساحل مقامی ثقافت، لذیذ کھانوں اور اعلی درجے کی تعمیرات کے باعث سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔
ٹینی رائف: کینری جزیرہ کا یہ ساحل جوڑوں کا پسندیدہ ترین مقام ہے، جہاں کچھ جگہ پر ریت کا رنگ سیاہ بھی ہے۔
مالدیپ: جمہوریہ مالدیپ متعدد چھوٹے چھوٹے جزائر کا مجموعہ ہے، جہاں کے ساحل دنیا کا شفاف ترین پانی رکھتے ہیں۔
سیچیلیس ساحل: جمہوریہ سیچیلیس گوکہ مالدیب جتنے جزیرے تو نہیں رکھتا لیکن خوبصورتی میں یہ اس سے کسی طور پر بھی کم نہیں۔ یہاں کا ساحل فلمیں بنانے کی بہترین لوکیشن ہے۔
اپینیما ساحل: برازیل میں واقع یہ ساحل 20ساحلوں کی فہرست میں سب سے اوپر ہے، کیوں کہ یہ ہمیشہ سے سیاحوں کی بھی اولین پسند رہا ہے۔ یہاں آپ زندگی کی بھرپور رعنائیوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔