وزیراعظم کل تک عمران خان سے بات کریں:لاہورہائیکورٹ

وزیراعظم کل تک عمران خان سے بات کریں:لاہورہائیکورٹ
وزیراعظم کل تک عمران خان سے بات کریں:لاہورہائیکورٹ

  



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) چودہ اگست کو اسلام آباد مارچ کے خلاف درخواست پر ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کو کل طلب کرلیا، عدالت نے کہا کہ ملکی سالمیت خطرے میں ہے، وزیراعظم خود عمران خان کے گھر چلے جائیں، معاملہ حل نہ ہوا تو عدالت کل اپنا فیصلہ دے گی۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کا مارچ رکوانے کےلئے شہری کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس خالد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ملکی سلامتی کے پیش نظر، سیاسی تنازعات بات چیت سے حل ہونے چاہئیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اگر سیاسی جماعت حکومت کی بات نہ سنے تو پھر عدالت کیا کرے، درخواست گزار نے کہا کہ حکومت ملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی کر سکتی ہے۔جسٹس خالد محمود نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصیر بھٹہ سے استفسار کیا کہ بات چیت کے لیے وزیراعظم خود پہل کیوں نہیں کرتے، نصیر بھٹہ نے کہا کہ حکومت معاملات بات چیت کے ذریعے ہی حل کرنا چاہتی ہے۔ جسٹس خالد نے کہا کہ ملکی سلامتی کے لیے اگر حکومت کو پاﺅں بھی پکڑنا پڑیں تو گریز نہ کریں، ملکی سلامتی خطرے میں ہے، انا کے چکر میں کہیں ملک نہ ٹوٹ جائے۔جسٹس شاہد حمید ڈار نے کہا کہ وزیراعظم بغیر کسی دعوت کے عمران خان کے گھر چلے جائیں اور تب تک وہاں رہیں جب تک عمران خود اٹھ کر نہ چلے جائیں، عدالت نے فریقین کو ایک روز کا وقت دیتے ہوئے کہا کہ اگر معاملہ حل نہ ہوا تو کل عدالت فیصلہ کرے گی۔

مزید : لاہور