عمر گل نے ڈومیسٹک سیٹ اپ کو کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس کا ذمہ دار قرار دیدیا

عمر گل نے ڈومیسٹک سیٹ اپ کو کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس کا ذمہ دار قرار دیدیا

  

لاہور( سپورٹس رپورٹر) قومی فاسٹ بولر عمر گل جنہیں فٹنس اور فارم میں واپسی کے حوالے سے شدید مسائل درپیش ہیں، ڈومیسٹک سیٹ اپ کو کھلاڑیوں کی ناقص پرفارمنس کیلئے ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کے برعکس ہمارا ڈومیسٹک سیٹ اس قابل نہیں کہ وہ انٹرنیشنل معیار کے کھلاڑی پیدا کرسکے۔ غیر ممالک میں ایک جیسی پچز ہوتی ہیں جس سے کھلاڑیوں کی پرفارمنس میں تسلسل آتا ہے جبکہ ہمارے ہاں پچز بھی تبدیل ہوتی رہتی ہیں، اس کے علاوہ ڈومیسٹک کا شیڈول بھی غیر یقینی ہوتا ہے۔ ہمارے ملک میں تو یہ بھی طے نہیں ہوتا ہے کہ کون سی گیند استعمال کی جائے گی۔ جب کچھ بھی تسلسل کے ساتھ نہیں ہوگا تو ایسے میں کیسے کھلاڑیوں سے توقع کی جاسکتی ہے کہ ان کی فارم ایک معیار کی قائم ہوسکے گی۔عمر گل نے معاشی ضروریات کو بھی کھلاڑیوں کی ناکامی کی اہم وجہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی معاشی ضروریات پوری کرنے کیلئے پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ضروری ہے کیونکہ ہمارے بہت سے کھلاڑی انگلینڈ کے ہمراہ معمولی کنٹریکٹ اسی لئے کرتے ہیں تاکہ اپنے خاندان کی کفالت کرسکیں، اس کے علاوہ بہت سے کرکٹرز کھیلنے کے ساتھ نوکری بھی کرتے ہیں۔ دوہری ذمہ داری سے ان کی پرفارمنس میں بھی نکھا رنہیں آرہا ہے، اگر انہیں آئی پی ایل جیسے ایونٹس کے ذریعے کمائی کا موقع ملے تو وہ زیادہ توجہ کھیل کو دے سکیں گے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -