برآمدات کو فروغ دینے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جارہا ہے ، ایس ایم منیر

برآمدات کو فروغ دینے کیلئے منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جارہا ہے ، ایس ایم منیر

  

لاہور(کامر س رپورٹر) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے جامع منصوبہ بندی کے تحت کام کیا جارہا ہے، پاکستانی مصنوعات معیار کے حوالے سے بہترین اور عالمی منڈی میں زیادہ سے زیادہ مقام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر، سابق صدور افتخار علی ملک، سید محسن رضا بخاری، میاں مصباح الرحمن، سابق سینئر نائب صدور شیخ محمد ارشد، میاں طارق مصباح، سابق نائب صدر آفتاب احمد وہرہ اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ بجلی کا بحران حل ہونے اور تاجروں کو اربوں روپے کے ریفنڈ کلیم ملنے کے بعد برآمدات تیزی سے بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ قلیل مدت میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان 118نمائشیں منعقد کرچکا ہے جبکہ تجارتی وفود سے بھی ہر ممکن تعاون کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہے اور انہیں حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ برآمدات کو فروغ دینے کے لیے نئی مارکیٹوں اور نئی مصنوعات پر بھرپور توجہ دینا ہوگی، پاکستان کی 49فیصد برآمدات صرف چھ ممالک کے ساتھ وابستہ ہیں جن پر انحصار پاکستان کی برآمدات میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔ اہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان مستقل بنیادوں پر رابطے رہنے چاہئیں، اتھارٹی کے حکام کو وقتاً فوقتاً چیمبرز کا دورہ کرے رہنا چاہیے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پاکستان نے بہت سے ممالک کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ اور دیگر تجارتی معاہدے کیے ہیں لیکن ضروری ہے کہ ان معاہدوں کو بامعنی بنایا اور ان سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دلوانے کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مفادات کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا ۔

مزید :

کامرس -