جماعت اسلامی معاشرے کی تمام خرافات کا خاتمہ چاہتی ہے،میاں مقصود

جماعت اسلامی معاشرے کی تمام خرافات کا خاتمہ چاہتی ہے،میاں مقصود

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمدنے کہا ہے کہ قرآن کریم کا موضوع انسان ہے اور یہ نوع انسان کی ہدایت کے لیے آیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ عام کتابوں کی طرح اپنے موضوع اور اس کے ذیلی عنوانات پر مشتمل کتا ب نہیں آج ہماری زندگی جدید جاہلیت کے اندھیروں میں بھٹک رہی ہے ،روشنی کا ایک ہی منبع صرف قرآن کریم ہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی معاشرے میں پائی جانے والی ہر طرح کی خرافات کا خاتمہ چاہتی ہے ہم عوامی طاقت کے ذریعے اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کے خواہاں ہیں اور پاکستان کو مدینے جیسی ریاست دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان مغرب کی بالادستی کا تو بہت ذکرکرتے ہیں اور اس ذکر کی ضرورت بھی ہے مگر وہ یہ نہیں دیکھتے کہ مغرب کی بالادستی کی وجوہات میں سے ایک وجہ مغرب کی علمی فوقیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم دنیا کاایک بڑا مسئلہ ان پر مغرب کا غلبہ ہے اس غلبے نے مسلمانوں کو ان کی آزادی اورخودمختاری سے محروم کررکھا ہے ،اور جو امت آزادی وخودمختاری سے محروم ہو ،وہ نہ جدید بن سکتی ہے اور نہ قدیم ,مغرب کا غلبہ صرف سیاسی اورعسکری نہیں بلکہ تہذیبی ،علمی اور اقتصادی بھی ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے مظلوم ترین مسودہ آئین پاکستان ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -