برصغیر کی مسلم خواتین کا تحریک پاکستان میں لازوال کردار ہے،بیگم ثریا کے ایچ خورشید

برصغیر کی مسلم خواتین کا تحریک پاکستان میں لازوال کردار ہے،بیگم ثریا کے ایچ ...

  

لاہور(لیڈی رپورٹر)قیام پاکستان کی تاریخ ساز جدوجہد میں برصغیر کی مسلم خواتین نے بھی مردوں کے شانہ بشانہ لازوال کردار ادا کیاقائداعظمؒ خواتین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کرتے تھے اب پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھی خواتین کو اہم کرداراداکرناہوگا ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ،لاہور میں جاری تقریباتِ یوم آزادی کے سلسلے میں خصوصی نشست بعنوان ’’تحریک پاکستان اور استحکام پاکستان میں خواتین کا کردار‘‘ کے دوران کیا ۔ اس نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیاتھااس موقع پر بیگم ثریا کے ایچ خورشید، پروفیسر ڈاکٹر پروین خان،بیگم صفیہ اسحاق، سعیدہ قاضی، امبر اشفاق،ثمن عروج، غزالہ بیگ،نائلہ عمر،اساتذۂ کرام ،طالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین بڑی تعداد میں موجود تھیں۔بیگم ثریا کے ایچ خورشید نے کہا کہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ ، قائداعظمؒ کیلئے وہ مخلص سہارا ثابت ہوئیں جس کی انہیں ضرورت تھی۔انہوں نے اپنے بھائی کا ہر طرح سے خیال رکھا۔ قائداعظمؒ کا کہنا تھا کہ ’’کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ملک کی ترقی میں حصہ نہ لیں ‘‘۔ ۔پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا ایک موقع پر قائداعظمؒ نے واضح کیا تھا کہ قلم اور تلوار کے علاوہ ایک تیسری طاقت بھی ہے اور وہ خواتین ہیں ۔مسلمانان برصغیرکو آزادی کی نعمت سے سرفراز رکھنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے والی محترم خواتین میں مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ ، بیگم مولانا محمد علی جوہر،بیگم نصرت ہارون، بیگم سلمیٰ تصدق حسین، بیگم جہاں آرا شاہنواز، بیگم رعنا لیاقت علی خان، بیگم گیتی آرا، بیگم فرخ حسین، بیگم زری سرفراز، بیگم شائستہ اکرام اللہ، فاطمہ بیگم سمیت متعدد خواتین شامل ہیں۔۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -