حریت پسند تنظیموں کی طرف سے شہید شیخ عزیز کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت

حریت پسند تنظیموں کی طرف سے شہید شیخ عزیز کو ان کی برسی پر شاندار خراج عقیدت

  

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں انجمن شرعی شیعیان، پیپلز پولیٹکل فرنٹ ،مسلم ڈیموکریٹک لیگ اوراسلامک پولٹکل پارٹی نے شہید حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کو اْن کی ساتویں برسی پرشاندارخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک مخلص اوربااعتماد رہنماتھے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن الموسوی الصفوی نے پارٹی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہید شیخ عزیزکی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی جدائی نہ صرف کل جماعتی حریت کانفرنس بلکہ تحریک آزادی کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ثابت ہوا اور ان کی شہادت سے جو خلا ء پیدا ہو اتھا۔

وہ ابھی تک پْر نہیں ہوسکاہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جدوجہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔اجلا س میں کہا گیا کہ مسئلہ کشمیر بنیادی طورپر تقسیم برصغیرکا نامکمل ایجنڈا ہے جس کی تکمیل کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمدمیں مضمر ہے ۔ ادھرپیپلز پولیٹکل فرنٹ کے چیئرمین محمد مصدق عادل نے شہید شیخ عزیز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک مخلص رہنما تھے اور یہ ہماری ملی ذمہ داری ہے کہ ہم شہداء کی قربانیوں کی حفاظت کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلیں ہم پر فخر کریں۔ ادھرمسلم ڈیموکریٹک لیگ کے سربراہ حکیم عبد الرشید اوراسلامک پولٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کے لیے شہید شیخ عزیز کی خدمات کوکبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -