مسئلہ کشمیر حل ہونے تک برصغیر میں امن کا خواب پورا نہیں ہوگا، نثار حسین راتھر
سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورتحریک وحدت اسلامی کے چیئرمین نثارحسین راتھر نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر پر توجہ نہیں دی جائے گی اور اس مسئلے کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق جلد حل نہیں کیا جائے گا، برصغیر میں امن کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سرینگر سے جاری ایک بیان میں نثار حسین راتھر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن کے لیے ناگزیر ہے ا ور اگر اس سلگتے ہوئے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کیا گیاتوعلاقے کا امن درہم برہم ہوکر رہیگا ۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ بر صغیر میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کی خاطرمزید تاخیر کئے بغیرمسئلہ کشمیرکو عوامی اْمنگوں کے مطابق حل کرنے کے لئے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے تاکہ کشمیری عوامی اپنی مرضی سے اپنے مستقبل کا تعین کر سکیں۔