سابق فوجیوں کومقبوضہ کشمیر میں بسانے کے بھارتی منصوبہ کا ڈٹ کر مقابلہ کیاجائیگا، جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر

سابق فوجیوں کومقبوضہ کشمیر میں بسانے کے بھارتی منصوبہ کا ڈٹ کر مقابلہ ...

  

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی طرز پر سابق فوجیوں کو بسانے کے بھارتی عزائم کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بانڈی پورہ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالحمید فیاض نے کہا کہ بھارت ریاست جموں وکشمیر پر اپنے قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے یہاں سابق فوجیوں کو بسانے کا منصوبہ بنارہا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیاکہ وہ بھارت کو اس طرح کی منصوبہ بندی سے باز رکھنے کے لیے اس پر دباؤ ڈالے۔ ڈاکٹر عبدالحمید فیاض نے کہا کہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور اس کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ سات دہائیوں سے اپنے مستقبل کا تعین کرنے کی خاطر موقع فراہم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم نے بیش بہا قربانیاں پیش کی ہیں اور آج بھی پیش کررہے ہیں۔ڈاکٹر فیاض نے کہا کہ جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں حل کرنے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں گرفتاریوں اور کریک ڈاؤن کا نیاسلسلہ شروع کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز نوجوانوں کو گرفتار کرکے نہ صرف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہیں بلکہ کشمیریوں کی نئی نسل کے تعلیمی کیرئیر سے کھلواڑ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روز روز کی گرفتاریوں سے نوجوان اور ان کے اہل خانہ ذہنی کوفت میں مبتلا ہوجاتے ہیں اورنوجوان خوف و دہشت کی وجہ سے اپنی تعلیم پر توجہ نہیں دے پاتے ہیں۔ڈاکٹر فیاض نے گزشتہ دنوں اساتذہ کے خلاف بھارتی پولیس کی جانب سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کی بھی شدید مذمت کی۔

مزید :

عالمی منظر -