پو لیس ، دہشتگردی کے خلاف جنگ کو عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیت سکتی ، ڈاکٹر حیدر اشرف

پو لیس ، دہشتگردی کے خلاف جنگ کو عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیت سکتی ، ڈاکٹر ...

  

لا ہور (کرا ئم سیل ) ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدرا شرف نے کہا ہے کہ پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ کو عوام کی مدد کے بغیر نہیں جیت سکتی،شہر کے امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ عوام کو اپنا کردار ادا کرناچاہئے۔ لاہور پولیس کے افسران نے 7 ماہ قبل تھانہ کلچر کی تبدیلی اور عوام تک رسائی کا جو خواب دیکھا تھا، تھانوں میں ایڈمن و بیٹ افسران کی تعیناتی کے بعد وہ پورا ہورہا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گذشتہ روز ڈیفنس فیز V ایوینٹس ہال میں کینٹ ڈویژن کی مصالحتی و عوامی تحفظ کمیٹیوں اور بیٹ کوآرڈینیٹرز کے مشترکہ اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی (I&C)سہیل سکھیرا، ایس پی سی آئی اے عمر ورک، ایس پی سی آر او عمر ریاض، ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن اسماعیل رحمان،کینٹ ڈویژن کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اورسابق جنرل سیکرٹری مین بلیوارڈ ڈیفنس کرنل (ر) اظہرکے علاوہ تاجروں اور کوآرڈینیٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر حیدرا شرف نے کہا کہ پولیس معاشرے کے ہر طبقے کے ساتھ مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا چاہتی ہے اور دہشت گردی کی جنگ کے سفر میں ہمیں عوام کا ساتھ چاہئے۔میں آپ کو گارنٹی دیتا ہوں کہ تھانوں میں اب عوام کے ساتھ بدتمیزی نہیں ہو گی بلکہ ایڈمن افسران ہر آنے والے سائل کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کے بعد مسئلہ بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ایک علاقے میں امن وامان کو برقرار رکھنے اور پر امن فضا پروان چڑھانے کیلئے مصالحتی اور تحفظ کمیٹیوں کے ممبران بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ اسی لیے بیٹ آفیسرز کو بیٹ کوآرڈینیٹرز کیلئے علاقے کے معزز شہریوں کے انتخاب کا حکم دیا گیا ہے۔ اس موقع پر ایس پی عمر ورک نے کہا کہ لاہور میں تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے۔ ایڈمن افسران کو یہ تربیت دی گئی ہے کہ وہ تھانے میں آنے والے ہر سائل سے حسن اخلاق سے پیش آئیں اور ان کا کام ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ ایس ایس پی(I&C) سہیل سکھیرا نے کہا کہ لاہور پولیس ریسکیو 15 کی اَپ گریڈیشن ، ایڈمن افسران اور بیٹ افسران کی تعیناتی اور تھانوں میں تمام وسائل پورے کرنے جیسے اقدامات تاریخٰی ہیں جن سے عام آدمی کی دادرسی بھی ہورہی ہے اور اہلکاروں کا مورال بھی بلند ہورہا ہے۔سابق جنرل سیکریٹری مین بلیوارڈ ڈیفنس کرنل (ر) اظہرنے کہا کہ ہم اپنے علاقے کی پولیس کے رویے سے کلی طور پر مطمئن ہیں اور آئی جی پنجاب کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے لاہور میں عوام دوست اقدامات ، پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے کیلئے ایسے افسران کو تعینات کیا جنہوں نے صوبہ پنجاب میں سب سے پہلے لاہور میں تھانہ کلچر کی تبدیلی کیلئے علم بلند کیا۔ ساری تاجر برادری ہمہ وقت لاہور پولیس کے ساتھ مکمل تعان کرے گی۔

مزید :

علاقائی -