نائن زیروپر چھاپہ کسی کے تعاقب میں مارا گیا ، چودھری نثار
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ ) وفاقی وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ حکومت، پاک فوج اور پارلیمنٹ ایم کیو ایم کے خلاف نہیں ،نائن زیرو پر چھاپہ کسی کے تعاقب میں مارا گیا جس کی تفصیلات جلد منظر عام پر لائیں گے۔قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن پر ایم کیو ایم کے سواء تمام جماعتیں متفق ہیں جبکہ ایم کیو ایم والے جو اعدادوشمار بتاتے ہیں وہ سراسر غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ایم کیو ایم کیخلاف آپریشن نہیں کیا جا رہا اور گزشتہ پانچ برسوں میں اتنا امن و امان نظر نہیں آیا جتنا پچھلے سال جولائی میں دیکھنے میں نظر آیا لہٰذاآپریشن کے ثمرات کو تسلیم کرنا پڑے گا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ساتھ ہر چیز پر بات کرنے کو تیار ہیں لیکن مسئلہ الطاف حسین کی تقاریر کا ہے جس کے باعث حالات بگڑ چکے ہے لہٰذا ایم کیو ایم والے الطاف حسین کو سمجھائیں مگر معاملات بہتر ہونے میں بہت وقت لگے گا۔