بینک ٹرانزیکشن ٹیکس کیخلاف 18اگست کو ایف بی آر کے دفاتر کا گھیراؤں کرینگے ، انجمن تاجران

بینک ٹرانزیکشن ٹیکس کیخلاف 18اگست کو ایف بی آر کے دفاتر کا گھیراؤں کرینگے ، ...

  

لاہور ( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران نے حکو مت کی جانب سے ود ہولڈنگ ٹیکس کو واپس نہ لینے پر 18؍اگست کو ملک بھر میں ایف بی آر کے ریجنل دفاتر کے گھیراؤ کا اعلان کردیا ہے۔ گزشتہ روزلاہورمیں ہونیوالے ملک گیرمشاورتی اجلاس میں مرکزی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 21اگست کو ایف بی آر کے مرکزی دفتر اسلام آبادکا گھیراؤ کیا جائیگا جبکہ 25؍اگست کو ایک دن کیلئے بینکوں سے لین دین بھی بند کیاجائیگا۔ ملک گیر مشاورتی اجلاس میں انجمن تاجران کے مرکزی عہدیداروں چیئرمین خواجہ شفیق، مرکزی صدر اجمل بلوچ، مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر، ، انجمن تاجران پنجاب کے صدر چودھری محبوب علی سرکی ،انجمن تاجران سندھ کے صدر عبدالقیوم قریشی، قومی تاجر اتحاد کے مرکزی صدر شیخ مشتاق احمد، سندھ تاجر اتحاد کراچی کے صدر جمیل پراچہ، کے پی کے سے مہر الٰہی، ملک افضل، انجمن تاجران شیخوپورہ کے صدر امجد نذیربٹ،انجمن تاجران گوجرانوالہ کے صدر رؤف احمد مغل، ملتان کے صدر ظفر احمد صدیقی ، عنصر ظہور بٹ، خواجہ عامر، شہزادہ سلیم خان، میاں خلیل عبیر ، ملک فاروق حفیظ، رضوان بٹ، شیخ عرفان اقبال ، علی نصرت بٹ، بابر اسماعیل بٹ سمیت ملک بھرسے تاجر رہنماؤں نے شرکت کی۔ جنرل سیکرٹری نعیم میراور چوہدری محبو ب علی سر کی سمیت دیگر تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت معاملات کوسنجیدگی سے حل نہیں کرنا چاہتی۔ ملک کی ریڑھ ہڈی تاجروں کو ایف بی آر ضربیں لگارہا ہے لیکن تاجرمزید اپنا استحصال نہیں ہونے دیں گے۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جب تک مکمل طورپر ٹیکس واپس نہ لیا گیا مذاکرات کی میز پر نہیں بیٹھیں گے۔ حکومت کو مضبوط کرنیوالے تاجر اپنے دفاع کیلئے نکل کھڑے ہوئے ہیں۔ حکومت کے اس اقدامات سے چھوٹے تاجروں کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ ملک بھر میں دکانوں پر کام کرنیوالے مزدور بے روزگار ہونا شروع ہوگئے ہیں ۔ حکومت اپنی پالیسیاں ملکی حالات دیکھ کر بنانے کی بجائے غیر ملکی اداروں کے ایجنڈوں پر بنارہی ہے۔ رہنماؤں کا مزید کہنا تھاکہ تاجر اپنے مشترکہ مفادکیلئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اب جنگل کا قانون نہیں چلے گا نہ ہی کوئی جگا ٹیکس دیا جائیگا۔ اگر حکومت نے تاجروں کیساتھ مذاکرات کرنے ہیں تو پہلے ٹیکس واپس لے وگرنہ تاجروں کے پاس تمام آپشن کھلے ہیں لیکن حکومت کے پاس پھر کوئی آپشن نہیں ہوگا۔ نعیم میر نے کہاکہ کامیاب ہڑتال کے بعد تاجروں نے حکمت عملی طے کرلی ہے۔

مزید :

علاقائی -