سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اپنی مدد آپ کے تحت ائیر لائن بنا رہی ہے،فضل جیلانی
سیالکوٹ(بیورورپورٹ)سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل جیلانی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اپنی مدد آپ کے تحت ائیر لائن بنا رہی ہے جس کا بہت جلد آغاز کرکے عوام کو تحفہ دیا جائے گا ۔یہ ائیرلائن فرسٹ مراحل میں تین طیاروں سے 2016میں کام شروع کر یگی ۔ائیر لائن کا نام ائیر سیال رکھا ہے۔جس کے ایک سو ڈائریکٹر ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کی ائیرلائن، ائیر سیال کے حوالے سے روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ سیال ائیرلائن معیاری اور سستی ائیرلائن ہوگی ۔ اور اللہ کے فضل وکرم سے پوری دنیا میں منفرد اہمیت کی حامل ثابت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کی عظیم دھرتی کے جلیل القدر سپوتوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ڈرائی پورٹ ،سیالکوٹ انٹر نیشنل ائیررٹ اور مختلف بزنس ایسوسی ایشن کا قیام عمل میں لایا ہے اور پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ سیالکوٹ محب وطن لوگوں کی سر زمین ہے جو اپنے شہر سے بے انتہا مخلص اور وفا شعار ہے ۔انہوں نے کہا کہ سیال ائیر لائن سیالکوٹ کے صنعتکاروں کا بہت بڑا کارنامہ ہے جس کو انتہائی خوش اسلوبی سے چلانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے بلکہ اللہ کے فضل سے ہم سیال ائیرلائن کو دنیا کی مثالی ائیرلائن بنانے کا عزم رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے صنعتکار ملکی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ سیالکوٹ کے صنعتکاروں نے ہمیشہ ملکی ترقی میں معاون کردار ادا کیا ہے اور حکومت کے شانہ بشانہ مل کر ملکی زرمبادلہ کے لئے بھرپور جدوجہد کی ہے۔