گوگل کے نام میں بڑی تبدیلی آگئی

گوگل کے نام میں بڑی تبدیلی آگئی
گوگل کے نام میں بڑی تبدیلی آگئی

  

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹیکنالوجی کی دنیا کے دیوتا ”گوگل“ کے نام سے کون واقف نہیں ہے لیکن آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ اس نام کے ساتھ ترقی کی بلندیوں کو چھونے والی کمپنی نے اچانک اپنا نام تبدیل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ گوگل کے بانی لیری پیج نے اپنے ایک بلاگ میں بتایاہے کہ گوگل کانیا نام”الفابیٹ انک“ رکھ دیا گیا ہے۔ اب گوگل کی سب سے زیادہ مقبول مصنوعات ایپلی کیشنز، یو ٹیوب، گوگل میپس(نقشے) اور موبائل فون آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ سمیت دیگر 8برانڈز اس نئے نام سے بنائی گئی کمپنی کے تحت چلائے جائیں گے۔ان اہم مصنوعات کے ساتھ ساتھ گوگل کے تمام اثاثے بھی الفابیٹ انک کے نام سے قائم ہونے والی نئی کمپنی کو منتقل کیے جا رہے ہیں، اثاثے گوگل کو منتقل ہونے کے ساتھ ہی سٹاک مارکیٹس میں گوگل کے شیئرز بھی الفابیٹ انک کے نام پر منتقل ہو جائیں گے۔چند چھوٹی سروسز سمیت بڑی مصنوعات میں سے صرف گوگل سرچ انجن اب گوگل کے تحت چلایا جائے گا۔

کمپنی کا نام تبدیل کرنے کے بعد گوگل کے عہدوں میں بھی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے۔اب مسٹر پیج نئی کمپنی”الفابیٹ“ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہوں گے جبکہ بھارتی نژاد سندر پیچائی گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے طور پر کام کریں گے۔گوگل کے شریک بانی سرجی برین الفابیٹ کے صدر کے فرائض سرانجام دیں گے ۔ دوسری طرف گوگل کے موجودہ چیئرمین ایرک شمٹ کو ایگزیکٹو چیئرمین بنا دیا جائے گا۔گوگل کے نئے چیف فنانشل آفیسر روتھ پوراٹ گوگل اور الفابیٹ دونوں کے لیے اسی عہدے پر کام کریں گے۔

گوگل کے بانی لیری پیج نے اپنے ایک بلاگ میں لکھا ہے کہ ”گوگل کی خدمات اور مصنوعات کا دائرہ کار بہت وسیع ہو چکا ہے، ایسے میں کمپنی کی تنظیم نو اور نئی کمپنی کے قیام سے کمپنی کا ڈھانچہ مزیدآسان ہو جائے گا۔نئے ڈھانچے کے ذریعے ہم ان حیرت انگیز مواقع سے بھرپور طریقے سے فائدہ اٹھا سکیں گے جو گوگل کے اندر موجود ہیں۔آج ہماری کمپنی بہترین طریقے سے چل رہی ہے لیکن ہمارے خیال میں اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکتا تھا، اسی مقصد کے تحت ہم نے الفابیٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔“

لیری پیج نے اپنے بلاگ میں مزید لکھا کہ ”بنیادی بات یہ ہے کہ الفابیٹ کے تحت آنے والی کمپنیاں خودمختار ہونی چاہئیں اور انہیں اپنے برانڈ خود قائم کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔ کمپنی کے لیے’ ’الفابیٹ“ نام منتخب کیے جانے کی دو وجوہات تھیں۔ ایک یہ کہ یہ لفط زبان کی نمائندگی کرتا ہے اور ہم اسی کی بنیاد پر اپنے سرچ انجن کو چلارہے ہیں، دوسرے ”الفابیٹ“ کے معنی سرمایہ کاری میں ہدف سے زیادہ وصولی کے بھی ہوتے ہیں،اور آج کل ہماری حتی الامکان کوشش ہے کہ ہم اپنے ہدف سے زیادہ منافع کما سکیں۔ انہی دو وجوہات کی بناءپر ہم نے نئی کمپنی کے نام کے لیے ”الفابیٹ“ کے لفظ کا انتخاب کیا۔

مزید :

سائنس اور ٹیکنالوجی -