بیلا روس کی سٹیٹ یونیورسٹی نے وزیر اعظم نواز شریف کو پروفیسر کا خطاب دیدیا,دونوں ملکوں کا اقتصادی و تجارتی تعاون پر اتفاق
منسک(مانیٹرنگ دیسک)بیلا روس کی سٹیٹ یونیورسٹی نے وزیر اعظم نواز شریف کو پروفیسر کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا ۔وزیر اعظم نواز شریف نے سٹیٹ یونیورسٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پر امن ہمسائیگی کی پالیسی پر امن پیرا ہے اور خطے میں قیام امن کے لئے کوشاں ہے ، بھارت کیساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں اورپاک چین اقتصادی راہدای کے خطے پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،پاکستان توانائی کی قلت پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہے ۔وزیر اعظم نے کہاکہ بیلا روس پاکستان کے لئے اہمیت کا حامل ملک ہے ،پاکستان علاقائی روابط کی پالیسی کو فروغ دینے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا دہشتگردی کا جڑ سے خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ،اپنی سرزمین کسی قسم کی دہشتگردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینگے،پاکستان دہشتگردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے ،جامعات کا باہمی تعاون تعلیم کے فروغ کے لئے اہم کردار ادا کرے گا ۔ وزیر اعظم نواز شریف نے پروفیسر کا خطاب دیے جانے پر بیلا روس کی سٹیٹ یونیورسٹی کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ یہ باہمی تعلقات کا ثبوت ہے انہوں نے آخر پر پاکستان اور بیلا روس دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا ۔
اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف اوربیلا روس کے وزیر اعظم کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے ۔وزیراعظم نوازشریف بیلا روس کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم ہیں اس سے پہلے کوئی بھی پاکستانی وزیراعظم بیلاروس کے دورے پر نہیں گئے ۔وزیراعظم دورے کے دوران بیلاروس کے ایوان نمائندگان اور ری پبلک کونسل کے چیئرمین سے بھی ملاقاتیں کریں گے جب کہ وزیراعظم اور بیلا روس کے صدر کے درمیان وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف اور بیلا روس کے صدر مشترکہ بزنس فورم کا افتتاح بھی کریں گے۔ راناتنویر اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم نواز شریف کے ہمراہ ہیں ۔