دہشتگردی واقعات پر چھٹیوں میں اضافہ طلبا سے زیادتی ہے،ادیب جاودانی

دہشتگردی واقعات پر چھٹیوں میں اضافہ طلبا سے زیادتی ہے،ادیب جاودانی

  

لاہور (خبرنگار) آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ادیب جاودانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اخبارات کی خبروں کے مطابق پنجاب حکومت نے حال ہی میں سانحہ کوئٹہ کے پیش نظر تعلیمی اداروں کی گرمیوں کی تعطیلات میں مزید دو ہفتوں کا اضافہ کرکے تعلیمی سرگرمیاں یکم ستمبر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت ایک طرف تو چھٹیوں میں اضافے کا جواز سانحہ کوئٹہ کو بنا رہی ہے لیکن جہاں یہ سانحہ ہوا ہے وہاں بلوچستان حکومت نے سکول بند کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا صرف پرائیویٹ سکولوں کے مالکان نے سانحہ کے دوسرے روز کوئٹہ میں ایک روز کیلئے سکول بند کئے تھے۔ ادیب جاودانی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے چھٹیوں میں اضافہ کرنا بچوں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔ حکومت پنجاب نے موسم گرما کی 24مئی سے 14اگست تک چھٹیاں دینے کا اعلان کیا تھا۔ اب پنجاب میں موسم گرما کی 83چھٹیاں ہوں گی۔اب اگر 31اگست تک چھٹیاں دی گئیں تو ان کی تعداد 98ہو جائیں گی۔ ادیب جاودانی نے اعلان کیا کہ اگر پنجاب حکومت نے 31 اگست تک چھٹیوں میں اضافہ کیا تو یہ اضافہ ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہوگا۔ ہم ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کر دیں گے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -