بینک اکائنٹس تک رسائی جیسے اقدامات تاجروں کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں ؛ شیخ محمد ارشد

بینک اکائنٹس تک رسائی جیسے اقدامات تاجروں کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں ؛ شیخ ...

  

 لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبرکے صدر شیخ محمد ارشد نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ واضح الفاظ میں ایف بی آر کو تاجروں کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی جیسے اقدامات اٹھانے سے منع کرے کیونکہ اس سے کاروباری ماحول خراب اور تاجروں میں مایوسی پھیل رہی ہے جو کسی طرح بھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ بینک اکاؤنٹس تک رسائی سے محاصل کا اہداف پورا ہونے میں تو مدد نہیں ملے گی البتہ حکومت کی ساکھ ضرور متاثر ہوگی۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ تاجر برادری جوش و خروش سے اپنا بہترین کردار ادا کرے لیکن یہ مسائل کے انبار تلے بہت بْری تلے دبی ہوئی ہے۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ حکومت معیشت کو پٹڑی پر واپس لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھارہی ہے لیکن بیوروکریسی تاجر برادری میں خوف و ہراس پھیلاکر ان اقدامات کو ناکام بنانے پر تلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو پہلے ہی بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے ، ایسے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اْن کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرکے مزید مشکلات پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک اکاؤنٹس تک رسائی اور قوم نکلوانا آخری قدم ہونا چاہیے لیکن یہ انتہائی قدم فوری طور پر اٹھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کوٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور انڈر انوائسنگ و سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں لیکن یہ واجبات کی وصولی کے نام پر ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرکے حالات بگاڑنے میں مصروف ہے۔ شیخ محمد ارشد نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ایماندار ٹیکس دہندگان کا شکرگزار ہونا چاہیے جو ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں اپنا قومی فریضہ بہ احسن ادا کررہے ہیں۔

B

مزید :

کامرس -