پاکستان کے دشمن ہمیں معاشی طور پر تباہ کرنے کے درپے ہیں:فاؤنڈرز گروپ
لاہور(کامرس رپورٹر) فاؤنڈرز گروپ کے لیڈرز نے اپنے ایک اجلاس میں نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن ہمیں معاشی طور پر تباہ کرنے کے درپے ہیں لہذا نیشنل ایکشن پلان حقیقی معنوں میں نافذ کیا جائے تاکہ ملک کے خلاف سازشوں کا سختی کے ساتھ خاتمہ کیا جاسکے۔ اجلاس میں فاؤنڈرز گروپ کے چیئرمین اعجاز بٹ ، میاں محمد اشرف، سید محسن رضا بخاری، افتخار علی ملک، طارق حمید، شیخ محمد آصف، میاں مصباح الرحمن، شاہد حسن شیخ، میاں مظفر علی، فاروق افتخار، اعجاز اے ممتاز، عبدالباسط، الماس حیدر اور ناصر سعید شریک تھے۔ اعجاز بٹ اور میاں محمد اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمن بین الاقوامی سطح پر ملک کی ساکھ خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
تاکہ معاشی طور پر ہمیں بھاری نقصان پہنچے اور غیرملکی سرمایہ کار ہماری طرف سے نظریں پھیر لیں۔ اعجاز بٹ اور میاں محمد اشرف نے کہا کہ دشمنوں کی سازشیں ناکام کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے کہ نیشنل ایکشن پلان انتہائی سختی سے نافذ کیا جائے۔ اگرچہ سول گورنمنٹ اور مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہت اچھا کردار ادا کررہے ہیں لیکن کوئٹہ میں دہشت گردی کے بڑے واقعہ نے یہ ثابت کیا ہے کہ ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔ فاؤنڈرز گروپ کے لیڈرز نے کہا کہ اس وقت ملک بحرانی کیفیت سے دوچار ہے۔ موجودہ حالات کا تقاضا ہے کہ تمام لوگ اتحاد کا مظاہرہ کرکے دشمنوں کو واضح پیغام دیں کہ پاکستان کے خلاف سازشیں قابل قبول نہیں ہیں۔ فاؤنڈرز گروپ کے لیڈرز نے وزیراعظم نواز شریف پر زور دیا کہ وہ پولیٹیکل پارٹیز کی راؤنڈ ٹیبل کانفرنس بلائیں تاکہ دہشت گردی کا قلع قمع کیا جاسکے۔