جرائم میں 43فیصد اضافہ،(ق) لیگ کی تحریک التواء اسمبلی میں جمع
لاہور(نمائندہ خصوصی)مسلم لیگ (ق)کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے پنجاب میں قتل ،لوٹ مار اور بد اخلاقی کے واقعات میں 43فیصد اضافہ پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ رواں برس پنجاب میں2لاکھ 15ہزار کیسز درج ہوئے جن میں قتل کے چار ہزار 3سو 73، بد اخلاقی کے ایک ہزار پانچ سو سولہ اور اجتماعی بد اخلاقی کے106کیسز تشویشناک ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں و افسران کی جانب سے سست روی کے باعث65ہزار سے زائد مقدمات درج ہی نہ ہوسکے۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی فورسز کے قیام کے باوجود جرائم کی شرح میں حیران کن اضافہ ہوا ہے رواں برس 2لاکھ 15ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوچکے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بچوں کے اغواء پر والدین بھی تشویش کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ اجتماعی بد اخلاقی کے106کیس درج کیے گئے ہیں جو گزشتہ 6ماہ سے کہیں زیادہ ہیں ۔