کوئٹہ کابدترین سانحہ درندگی کاشاخسانہ ہے،چودھری الطافشاہد

کوئٹہ کابدترین سانحہ درندگی کاشاخسانہ ہے،چودھری الطافشاہد

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) پاک سرزمین پارٹی کی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر چودھری محمدالطاف شاہد نے کہا ہے کہ کوئٹہ کابدترین سانحہ درندگی کاشاخسانہ ہے ان گمراہ عناصر کوایک مخصوص ریاست کی سرپرستی حاصل ہونا خارج ازامکان نہیں۔بیگناہ انسانو ں کوموت کے گھاٹ اتارنے والے انسان نہیں ہوسکتے ،خونخوارجانوربھی صرف بھوک مٹانے کیلئے دوسرے جانوروں کاشکار کرتے ہیں مگر دہشت گرد عناصرچندکوڑیوں کیلئے انسانیت پربربریت کے کوڑے برسارہے ہیں۔کوئٹہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرہرباضمیر انسان رنجیدہ ہے ۔مٹھی بھرشرپسندعناصر پاکستان کے عوام سے امن اورامید نہیں چھین سکتے ۔

مصطفی کمال ،انیس احمد قائم خا نی اوررضاہارون سمیت پاک سرزمین پارٹی کے کارکنان سانحہ کوئٹہ کے متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔پاکستان کی صورت میں جوسرزمین شہیدوں کے خون سے سیراب ہوتی ہے اس کامستقبل تاریک نہیں ہوسکتا۔ وہ مقامی ہوٹل میں ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے ۔چودھری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کے خون سے ہولی کھیلنے والے اپنے مذموم اورناپاک ارادوں میں ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے ۔پاکستان اقتصادی ومعاشی طاقت ضروربنے گااورسی پیک کی بروقت تکمیل ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پیشہ ورافواج پاکستانیوں کاسرمایہ افتخار ہیں ،ان کے ہوتے ہوئے پاکستان کی نظریاتی اورجغرافیائی سرحدوں پرکوئی آنچ نہیں آسکتی ۔پاک سرزمین پارٹی کے قائدین اورکارکنان مادروطن کی ہرمحب طاقت کے شانہ بشانہ تعمیر وطن اوراستحکام وطن کیلئے اپنا کلیدی کرداراداکریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چھپ پرمعصوم شہریوں پرحملے کرنیوالے عناصر حقیقت میں انتہائی بزدل ہیں اورایسے عناصر کی زندگی زیادہ طویل نہیں ہوتی ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -