پاکستان مسلمانان برصغیر کے جوش و جذبے کی پیداوار ہے،انور بغداری
لاہور (خبر نگار خصوصی) تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن ایم کے انور بغدادی نے کہا ہے کہ تحریک پاکستان کے دوران الگ وطن کے حصول کیلئے مسلمانان برصغیر کا جوش و جذبہ عروج پر تھا اور پاکستان انہی پاکستان جذبوں کی پیداوار ہے۔ خواتین نے بھی تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان، لاہور میں جاری تقریبات یوم آزادی کے سلسلے میں ’’میں نے پاکستان بنتے دیکھا‘‘ کے عنوان سے منعقدہ لیکچرکے دوران کیا۔ایم کے انور بغدادی نے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل ہم جلسے جلوسوں میں شرکت کرتے اور ’’لے کے رہیں پاکستان ، بن کے رہے پاکستان‘‘ کے نعرے لگایا کرتے تھے۔ جان و مال کی لازوال قربانیوں کی بدولت حاصل ہونیوالا یہ ملک انشاء اللہ تا قیامت قائم و دائم رہے گا اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ نئی نسل ملکی تعمیروترقی میں اپنا بھرپور کردار کرے اور خوب تعلیم حاصل کر کے پاکستان کانام دنیا میں روشن کرے۔ ایم کے انور بغدادی نے پروگرام کے دوران تحریک پاکستان‘ 1945-46ء کے دوران مسلم لیگی امیدواروں کی انتخابی مہم کے حوالے سے واقعات بھی سنائے۔ تقریبات یوم آزدی کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔