پرائمری سکولوں میں سہولتوں کے فقدان کی رپورٹ تشویشناک ہے،یاسر گیلانی
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے پرائمری سکولوں میں اساتذہ اور طالب علموں کے لئے سہولتوں کے فقدان پر جاری رپورٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک لاکھ 90 ہزار سکولوں میں پینے کے پانی، بجلی، چار دیواری، باتھ رومز اور دیگر سہولتوں کا نہ ہونا مسلم لیگ( ن) کی حکومت کے تعلیم دوستی کے دعوؤں کی نفی ہے۔ حکمرانوں نے عوام کو اعداد و شمار میں الجھا رکھا ہے عملی طور پر تعلیمی نظام کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی جماعت سے پانچویں جماعت تک کی عمر کے 67 لاکھ بچے سکول جانے سے محروم ہونا افسوسناک صورتحال ہے جو فوری اور انقلابی اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری سکولوں کی ابتر حالت کے بارے میں تفصیلات پہلی بار منظر عام پر نہیں آئی ہیں، المیہ یہ ہے کہ اعلیٰ سطح پر ایسے قابل اصلاح معاملات پر توجہ نہیں دی جاتی۔