امریکہ نے مزید چار طلائی تمغے جیت لئے،26تمغوں کیساتھ سر فہرست

امریکہ نے مزید چار طلائی تمغے جیت لئے،26تمغوں کیساتھ سر فہرست

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریوڈی جنیرو (این این آئی)برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں جاری اولمپکس مقابلوں میں چوتھے دن امریکہ کے کھلاڑیوں نے مزید چار طلائی تمغے جیت لئے ہیں اور یوں وہ مجموعی طور پر 26 تمغوں کے ساتھ بدستور میڈل ٹیبل پر سرفہرست ہے۔چوتھے دن کی خاص بات اولمپکس کی تاریخ میں سب سے زیادہ تمغے جیتنے کا اعزاز رکھنے والے امریکی تیراک مائیکل فیلپس کے مزید دو طلائی تمغے تھے۔انھوں نے یہ تمغے دو سو میٹر بٹر فلائی اور چار ضرب دو سو میٹر ریلے مقابلوں میں حاصل کیے۔2014 میں ریٹائرمنٹ واپس لینے والے مائیکل فیلپس اب تک ریو اولمپکس میں تین طلائی تمغے جیت چکے ہیں ٗ اولمپکس مقابلوں میں ان کے کل تمغوں کی تعداد 25 ہے جن میں 21 طلائی اور چاندی اور کانسی کے دو، دو میڈل شامل ہیں۔فیلپس نے دو سو میٹر بٹرفلائی مقابلے میں جنوبی افریقہ کے تیراک لی کلوس کو ہرا کر 2012 کے لندن اولمپکس میں اسی مقابلے میں اپنی شکست کا بدلہ بھی لیا۔انھوں نے چار ضرب دو سو میٹر مقابلے میں امریکی ٹیم کو طلائی تمغہ دلوایا ٗ برطانیہ کی ٹیم نے اس مقابلے میں چاندی جبکہ جاپان نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔امریکہ کو دن کا تیسرا طلائی تمغہ بھی تیراکی میں ہی ملا جب خاتون تیراک کیٹی لیڈیکی نے دو سو میٹر فری سٹائل مقابلہ جیتا۔ یہ کیٹی کا انفرادی طور پر ریو میں دوسرا اولمپک گولڈ میڈل ہے۔کیٹی نے اس دوڑ میں سویڈن کی سارہ سوسٹروم کو شکست دی ٗ کانسی کا تمغہ آسٹریلیا کی ایما میکوین کے حصے میں آیاجمناسکٹس میں امریکی خواتین کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی خواتین کی ٹیم کو شکست سے دوچار کیا اور طلائی تمغہ حاصل کیا ٗ19 سالہ امریکی جمناسٹ سمون بائلز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میڈل ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود چین نے مقابلوں کے چوتھے دن تین طلائی تمغے حاصل کیے۔سنکرونائزڈ ڈائیونگ کے دس میٹر پلیٹ فارم مقابلے میں چینی کھلاڑیوں نے لگاتار پانچویں اولمپکس مقابلوں میں اپنے ملک کو طلائی تمغہ دلوایا اس کے علاوہ ویٹ لفٹنگ میں چین کے 22 سالہ شی زیہونگ نے 69 کلوگرام وزن کے مقابلے میں مجموعی طور پر 352 کلوگرام وزن اٹھا کر طلائی تمغہ جیتا۔ یہ ویٹ لفٹنگ میں چین کا تیسرا گولڈ میڈل ہے۔ہنگری کی خاتونِ آہن کہلانے والی کاتنکا ہوسو نے دو سو میٹر انفرادی میڈلی میں اول نمبر پر آ کر اپنے طلائی تمغوں کی تعداد تین تک پہنچا دی ٗ انھی کی بدولت ہنگری کل چار طلائی تمغوں کے ساتھ پوائٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر پہنچ گیاادھر فیلڈ ہاکی کے مقابلوں میں پول بی کے ایک میچ میں انڈیا نے ارجنٹائن کو ایک کے مقابلے پر دو گول سے شکست دے دی۔ اس سے قبل اپنے پہلے میچ میں انڈیا جرمنی سے ہار گیا تھا چوتھے دن کے اختتام پر امریکہ نو طلائی، آٹھ نقرئی اور کانسی کے نو تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے ٗ چین آٹھ طلائی، تین نقرئی اور کانسی کے چھ تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ہنگری چار طلائی، ایک نقرئی اور ایک کانسی کے تمغے کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آ گیا ہے جبکہ آسٹریلیا چوتھے اور روس پانچویں نمبر پر ہے۔