کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقداما ت کئے جارہے ہیں،ایس پی مجاہد
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی مجاہد سید کرار حسین نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے علاوہ روزمرہ کے معمولات میں درپیش مسائل اوران کے تدارک کیلئے 15پر اطلاع دیں انہوں نے کہا کہ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دینے کے لئے ہر ممکن اقداما ت کیے جارہے ہیں۔شہری کسی بھی حادثہ،لڑائی جھگڑا،ٹریفک حادثہ ،آگ لگنا یا کوئی مشکوک شخص و چیز کے علاوہ وہیکل بریک ڈاؤن یا کوئی دیگر مسئلہ ہو تو ریسکیو15پر اطلاع دیں پولیس فوری حرکت میں آئے گی۔انہوں نے بالخصوص موجودہ حالات کے تناظر میں عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی گمشدگی یا لاپتہ ہونے کے حوالہ سے ریسکیو15پر اطلاع دیں اور کسی بھی ایسے مشکوک شخص کو دیکھیں تو قانون کو ہاتھ میں لینے کی بجائے بلا تاخیرمقامی پولیس ،ایمرجنسی 15پر مطلع کریں تاکہ پولیس فورا حرکت میں آئے اور ایسے مشکوک افراد کو حراست میں لے کران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔انہوں نے کہا اکژ دیکھنے میں آیا ہے کہ شہری مبینہ اغواکار کو پکڑ کر بے رحمانہ تشدد کا نشانہ بنا دیتے ہیں جو ایک مہذب معاشرے کی اقدار کے منافی ہے لہذا شہریوں سے التماس ہے کہ وہ بلا خوف و خطرریسکیو15پر پولیس کو مطلع کریں جوکہ راؤنڈ دی کلاک اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔