ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش ، چھتیں گرنے سے 3افراد جاں بحق ، 40زخمی
اسلام آباد/ لاہور / ایبٹ آباد / بنوں ( اے این این ) ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارش ٗ چھتیں گرنے اور دیگر حادثات میں3 افراد جاں بحق ٗ 40 سے زائد زخمی ٗ بنوں میں تیز ہوائیں چلنے سے درخت اور سائن بورڈگرگئے ٗ نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے ٗ لوگ گھروں میں محصور ٗ بجلی کا نظام بھی درہم برہم ٗ ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ یس رابطہ سڑکیں بند ٗ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ٗ بارشوں سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ٗ اسلام آباد اور لاہور میں بھی ابررحمت کھل کر برسا ٗ بارش سے موسم خوشگوار ٗ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز تک بارشوں کی پیش گوئی کردی ۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث چھتیں گرنے اور دیگر مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 40 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ بنوں شہر اور گرد و نواح میں ہونے والی طوفانی بارش اور زالہ باری کے باعث پیش آنے والے مختلف واقعات میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ بدھ کی علی الصبح ہونے والی طوفانی بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچادی، مختلف علاقوں میں مکانات کی چھتیں اور بوسیدہ دیواروں کے گرنے، درخت اکھڑنے اور سائن بورڈز گرنے سے نظام زندگی درہم برہم ہوچکا ہے جب کہ مختلف واقعات میں اب تک 3 افراد جاں بحق جبکہ 40سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہیں جب کہ بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی بند ہے۔ ایبٹ آباد میں بھی تیز بارش ہوئی جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکیں بند ہو گئیں اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی بارش سے دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہو گئی جس کی وجہ سے سیلاب کا خدشہ ہے ۔لاہور اور اسلام آباد میں بھی اب رحمت کھل کر برسا جس سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور دفاتر جانیوالوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔اسلام آباد سمیت میانولی ، کلرکہار ، شیخوپورہ ، جھنگ ، سرگودھا ، ڈسکہ ، ناروال اور پسرور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا ۔ موسم تبدیل ہونے پر گرمی سے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ دوسری جانب دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اب تک مون سون کی بارشیں معمول سے کم ہوئیں لیکن ابھی آدھا مون سون سیزن باقی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں غیر معمولی بارشیں ہورہی ہیں اور ماہرین اس کی وجہ موسمیاتی تغیرات کو قرار دے رہے ہیں۔
موسلادھار بار ش