اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری اسلامی تعلیمات میں اہم مقام رکھتی ہے،وزیراعلیٰ

اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری اسلامی تعلیمات میں اہم مقام رکھتی ہے،وزیراعلیٰ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری دین اسلام کی تعلیمات میں اہم حیثیت رکھتی ہے۔ رواداری، باہمی احترام اور ہر طرح کے امتیاز کے بغیر انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے بھی تمام اقلیتوں کے یکسا ں حقوق پر زور دیا ہے اور پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتی برادریوں کیلئے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اقلیتوں کے حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقلیتیں ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔ پنجاب حکومت نے بھی صوبے کی تمام اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ حکومت تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت ، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کیلئے پْرعزم ہے۔ وطن عزیز میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتوں کے مقدس مقامات کی حفاظت، دیکھ بھال اور تزئین و آرائش حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اقلیتوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرکے قومی دھارے میں شامل کیا گیا ہے اورملازمتوں میں مختص کردہ کوٹہ پر پوری طرح عملدرآمد ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والی اقلیتیں ملک کی ترقی میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہیں اورتعلیم اور صحت کے شعبوں میں اقلیتی برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہپاکستان کے ہر شہری کو خواہ اس کا تعلق کسی بھی مذہب سے ہو، اپنے عقیدے کے مطابق زندگی بسر کرنے کا حق حاصل ہے۔آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی ہے کہ وطن عزیز میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کا احترام کیا جائے گا۔

مزید :

صفحہ اول -