قصور، عابد شیر علی نے اووربلنگ ثابت ہونے پر 5واپڈا اہلکار معطل کر دئیے، مقدمات درج

قصور، عابد شیر علی نے اووربلنگ ثابت ہونے پر 5واپڈا اہلکار معطل کر دئیے، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


قصور(شیخ محمد حسین سے) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے اچانک قصور کا دورہ کیا۔ واپڈا ملازمین کے ظلم و ستم اور نا جوازیوں کے ستائے ہوئے مردوں،خواتین نے اوور بلنگ سمیت دیگر غیر قانونی ہتھکنڈوں کی شکایات کے انبار لگا دئیے اوور بلنگ ثابت ہونے پر وفاقی وزیر نے تین میٹر انسپکٹرز سمیت پانچ واپڈا اہلکاروں کیخلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروا کر انہیں معطل کرکے تحقیقات کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے قصور کا دورہ کیا جسے انہوں نے انتہائی خفیہ رکھا وفاقی وزیر سڑک سے پیدل ایس ای واپڈا کے دفتر میں کسٹمر سروس پہنچے عملہ کے ارکان انہیں اکیلا دیکھ کر پریشان ہوگئے ۔بعد ازاں کئی روز سے بل درستگی کیلئے دفتر واپڈا کے چکر لگانے والے مردو خواتین ،بوڑھے وزیر وفاقی کے گرد جمع ہوگئے جس میں اکثر صارفین کو اووربلنگ اور یونٹس کی شکایات کیں،وفاقی وزیر نے آنیوالے تمام سائلوں کی ایک ایک کرکے شکایات سنیں۔اووربلنگ اوور یونٹس ثابت ہونے پر وفاقی وزیر نے میٹر انسپکٹر کھڈیاں ویسٹ سب ڈویژن سے نصراللہ ،نیاز نگر قصور سب ڈویژن سے راشد سندھی اور سٹی سب ڈویژن سے حاجی جمیل کے علاوہ میٹرریڈروں نیاز نگر سب ڈویژن سے ساجد علی، کھڈیاں ایسٹ سے ذوالفقار احمد وغیرہ کے خلاف متعلقہ پولیس تھانوں میں علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کروا دیے ہیں اور ایک دوسرے حکم پر انہیں معطل کرکے ان کیخلاف تحقیقات کا حکم دیدیا ہے ۔کھلی کچہری کے دوران ایک دیہاتی عورت کی شکایت پر وفاقی وزیر پریشان ہوگئے انہوں نے کہا کہ واپڈا افسران و اہلکاران کے ذاتی مفادات کی وجہ سے ایسے غریب لوگ ہماری حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں حالانکہ میاں نواز شریف عوام کیساتھ کیے گئے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ سمیت وعدے پورے کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔انشاء اللہ بہت جلد لوڈ شیڈنگ پر قابو پالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کا تیہہ کر رکھا ہے حکومت کی طرف سے عوام کو ملنے والے ثمرات میں روکاوٹیں پیدا کرنیوالے افسران کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ واپڈا افسران اور اہلکاران اپنا قبلہ درست کر لیں بہت جلد قصور میں دوبارہ اعلانیہ کھلی کچہری لگاوں گا عوام کو اوور بلنگ اوور یونٹس ڈالنے والے اہلکاران کو نوکری سے فارغ کر دیا جائیگا۔آنیوالے سائلوں سے اخلاق سے بات کریں ان کے مسائل کو فوری حل کریں۔اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد موجو د تھی جن سے اکثر کا کہنا تھا کہ جب سے ایکسئین سٹی جمشید زمان کی قصور میں تعیناتی ہوئی ہے پہلے سے اوور بلنگ اوور یونٹس پر کچھ کنٹرول ہوا ہے اور آنیوالے سائلین کا مسئلہ بھی حل ہو جاتا ہے کچھ حلقوں کا خیال ہے کہ صرف ایک ایکسئین پورے نظام کو درست نہیں کرسکتا میٹر کلرک،میٹر انسپکٹرز سمیت دیگر عملہ بجلی چوروں کی معاونت کرتا ہے ان کی چوری کی گئی بجلی کے لائن لائسز پورے کرنے کیلئے عام صارفین پر بوجھ ڈال دیا جاتا ہے۔ ایکسئین سٹی جمشید زمان آنے والے صارفین کی شکایت کا ازالہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں مگر عملہ روایتی روکاؤٹ پیدا کرتا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -