راولپنڈی،13اگست ،لال حویلی کے باہر جلسہ عام کی تیاریاں جاری

راولپنڈی،13اگست ،لال حویلی کے باہر جلسہ عام کی تیاریاں جاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی(جنرل رپورٹر) 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب لال حویلی کے باہرتاریخی جلسہ عام کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،اس سلسلے میں شہر بھر میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی شیخ رشید احمد کی تصاویر پر مشتمل بینرز اور پینا فلیکس بورڈ لگادئیے گئے ہیں جبکہ جلسہ عام کی کامیابی کیلئے مختلف آرگنائزنگ کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔گزشتہ روز عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے حلقہ این اے 55 کے عمائدین،معززین اور سٹی تنظیم کے عہدیداروں سے لال حویلی میں ملاقاتیں کیں اوراہم ملکی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ اس وقت ملکی سیاسی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے،حکمران طبقہ ذاتی مفادات کے حصول کیلئے غریبوں کو اپنے پاؤں تلے کچل رہا ہے،بڑھتی ہوئی مہنگائی،بے روز گاری اور ٹیکسوں کی بھرمار نے عوام کا جینا پہلے ہی مشکل کررکھا ہے،غریب کو دو وقت کی روٹی میسر نہیں ہے،غریب جائے تو جائے کہاں؟۔میری آواز غریب اور متوسط طبقے کی آواز ہے ،بھتہ مافیا اور کمیشن مافیا کو غریب کے حق کیلئے نکلنے والی میری اس آواز سے تکلیف ہے،میرا جینا اور مرنا اس ملک کیلئے ہے،میں راولپنڈی کا باسی ہوں اور اس شہر کو کبھی لٹتا یا ڈوبتا ہوا نہیں دیکھ سکتا،شیخ رشید نے کہا کہ یہ لوگ غریبوں کیلئے زمین تنگ کرسکتے ہیں ان سے روزی روٹی چھین سکتے ہیں لیکن ان کے شعور اور ان کی حق سچ کی آواز کو نہیں دباسکتے،لال حویلی کا جلسہ تاریخی ہوگا اور مخالفین دیکھتے رہ جائیں گے،انہوں نے سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونیوالوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے ہماری فورسز اور سیکورٹی ادارے اور بے گناہ لوگ قربانیاں دے رہے ہیں اسلیئے قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء عوامی مسلم لیگ سٹی تنظیم کا ایک اجلاس گزشتہ روز سابق ناظم راول ٹاؤن شیخ راشد شفیق کی زیرصدارت لال حویلی میں منعقد ہوا جس میں لال حویلی جلسہ کی کامیابی کیلئے مختلف آرگنائزنگ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن میں استقبالیہ کمیٹی،سٹیج کمیٹی،پبلسٹی کمیٹی،رابطہ کمیٹی اور وارڈ کمیٹیاں شامل ہونگیں،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے راہنما و سابق ناظم راول ٹاؤن شیخ راشد شفیق نے کہا کہ شہر کی تمام 46 یونین کونسلوں سے جلوس 13 اگست کی رات 10 بجے تک لال حویلی پہنچیں گے جہاں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا اہم اور تاریخی خطاب ہوگا،انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی مخالفین ہماری عوامی مقبولیت سے خائف ہوکر ہمارے شہر بھر میں لگے ہوئے بینرز اور پینا فلیکس اتروارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،تمام تر فسطائی ہتھکنڈوں کے باوجود لال حویلی کا کامیاب اور تاریخی جلسہ ماضی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گا۔