سانحہ کوئٹہ کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

سانحہ کوئٹہ کا مقصد ملک کو غیر مستحکم کرنا ہے: ڈاکٹر سلیم حیدر

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین مہاجر اتحاد تحریک ڈاکٹر سلیم حیدر نے کوئٹہ بم دھماکے کے شدید زخمی ہونے والے وکلاء اور شہریوں کی آغا ہسپتال میں عیادت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ فضل خان، شہزاد الرحمن، اعجاز احمد اور دیگر بھی موجو دتھے۔ ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا کہ سانحہ کوئٹہ ملک دشمنوں کی گھناؤنی کارروائی ہے اس کا مقصد وکلاء کو خوفزدہ کرنا اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ برسوں سے پاکستان میں بھارت کی دہشت گرد ایجنسی ’’را‘‘ بیگناہ شہریوں ، فورسز کے جوانوں کو نشانہ بنارہی ہے لیکن ہمارے حکمران اس بدنام زمانہ ایجنسی کا نام لیتے ہوئے بھی گریز کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ دہشت گردوں ، ان کے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرکے انہیں عبرتناک سزا دی جائے۔ کراچی سمیت ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی ، ٹارگٹ کلنگ ، بھتہ خوری کے خاتمے کیلئے آپریشن کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکے۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی پاکستان کا یوم آزادی قریب آتا ہے ملک دشمن دہشت گرد سرگرم ہوجاتے ہیں اور اس طرح کی ہولناک کارروائیاں کرکے لوگوں کی خوشیوں کو ماتم میں بدل دیتے ہیں۔ اس سے قبل بھی اگست کے مہینے میں ملک دشمن قوتوں نے ہنستے بستے شہریوں کو خون میں نہلادیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ MIT ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کی مخالف ہے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ جب تک ملک کو دہشت گردی اور انتہاپسندی سے پاک نہیں کیا جائے گا اس وقت تک ملک میں پائیدار امن کا خواب پورا نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں دہشت گردی کے خاتمے میں مکمل ناکام ہوچکی ہیں بلکہ ان کی صفوں میں موجود دہشت گرد وقتاًفوقتاًپاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -