قندیل بلوچ قتل کیس: عدالت نے ملزم حق نواز کو جوڈیشل ریمانڈپر جیل بھیج دیا
ملتان (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار ملزم حق نواز کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
اب تک نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے قندیل بلوچ قتل کیس میں ایک ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات سنا دیے ۔ ملزم حق نواز قندیل بلوچ کا کزن ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل کیس میں گرفتار تینوں ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم حق نواز کو 14روزہ ریمانڈ پر جیل جبکہ دیگر دو ملزمان عبدالباسط اور ظفر کو مزید چار روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ قندیل بلوچ کو 16 جولائی کو ان کے آبائی گھر ملتان میں قتل کیا گیا تھا ۔جس کے بعد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے قندیل بلوچ کے بھائیوں کو حراست میں لے لیا تھا اور اس نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا تھا لیکن پولیس نے تفتیش کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے قندیل بلوچ کے والد کو بھی شامل تفتیش کر لیا تھا۔