بچے اغواکرلیں گے،بھتہ خوروں کی دھمکی،پولیس خاموش،ہائی کورٹ نے ڈی آئی جی آپریشنز سے جواب طلب کرلیا
لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے رضوان گارڈن کے رہائشیوں کے بچوں کو اغواکرنے کی دھمکیوں کے خلاف درخواست پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے 17اگست تک تحریری جواب طلب کر لیاہے۔مسٹرجسٹس شاہد بلال حسن نے رضوان گارڈن کے رہائشی حاجی ناصر حسین کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہاﺅسنگ سوسائٹی میں بعض نامعلوم افراد رہائشیوں سے بھتہ کی وصولی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور عدم ادائیگی پر بچوں کے اغواکی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، بھتہ مانگنے کے خلاف پولیس کو درخواستیں دیں مگر پولیس ملزموں کے ساتھ ملی ہوئی ہے، اس لئے آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی، انہوں نے استدعا کی کہ بھتہ مانگنے اور بچوں کے اغوائکی دھمکیاں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے، عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے 17اگست تک تحریری جواب طلب کر لیاہے۔