سری لنکن ٹیم پر حملہ کے ملزموں کا ٹرائل جیل میں کرنے کا فیصلہ،عدالت نے گواہ بھی طلب کرلئے
لاہور(نامہ نگار)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سری لنکن ٹیم پر حملہ کرنے کے مقدمہ میں ملوث 6 ملزمان کو 18اگست کو کوٹ لکھپت جیل کی عدالت میں طلب کرتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاﺅن ڈویژن کو گواہ پیش کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں گلبرگ پولیس نے 6 ملزمان زبیر، عبدالوہاب، عرفان ارشد، جاوید انور،عبید اللہ اور ابراہیم کے خلاف چالان پیش کررکھا ہے اس کیس میں 3ملزمان زبیر، عبدالوہاب اورعرفان ارشد گرفتارہیں جبکہ جاوید انور عبداللہ اور ابراہیم ضمانت پر ہیں،عدالت نے ملزمان خطرناک ہونے کی وجہ سے سماعت کوٹ لکھپت جیل میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے،عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ 18اگست کو ملزمان کو جیل کی عدالت میں پیش کیا جائے۔ سماعت شروع ہونے پر ڈپٹی پراسکیوٹرجنرل وقاراحمد بھٹی نے سی سی پی او کو مراسلہ بھجوایا کہ ایس پی مادل ٹاﺅن کو پابند کیا جائے کہ وہ مقررہ تاریخ پر تمام گواہ عدالت میں لے کر پیش ہوں،جیل میں 18اگست کو سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کردیئے گے ہیں۔