تھائی لینڈ بھی دہشتگردی کی زد میں،11دھماکوں میں 4افراد ہلاک
بنکاک( مانیٹرنگ ڈیسک) جمعرات رات گئے سیاحتی مقام پر دہشتگردی کے بعد تھائی لینڈ جمعے کی صبح بھی دھماکوں سے گونج اٹھا، مختلف مقامات پر ہونے والے دھماکوں میں کم از کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق جمعرات رات گئے دہشتگردوں نے ہن ہوا کے سیاحتی مقام کو نشانہ بنایا ، میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دھماکے میں ایک خاتون ہلاک اور غیر ملکی سیاحوں سمیت دس افراد زخمی ہوئے۔ حکام ابھی دہشتگردی کے اس واقعہ کی تحقیقات میں ہی مصروف تھے کہ جمعے کہ صبح تھائی لینڈ پھر دھماکوں سے گونج اٹھا۔جمعے کی صبح سیاحت کیلئے معروف ایک اور مقام فوکٹ کو نشانہ بنایا گیا اس کے بعد جنوبی صوبے ترنگ اور صورت میںبھی دو دھماکے ہوئے۔ مختلف مقامات پر ہونے والے گیارہ دھماکوں میں کم از کم چار افراد ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق ایک بم ناکارہ بھی بنادیا گیا۔ ملک کے وزیراعظم پرائت چن او چوا نے دھماکوں کے بعد میڈیا سے گفتگو عوام کو پرامن رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ان دھماکوں کے پیچھے کون ہے؟ان کا کہنا تھا کہ ’ہمارا ملک استحکام بہتر معیشت اور سیاحت کی جانب جا رہا ہے، پھر دھماکے کیوں ہو رہے ہیں اور یہ کون کر رہا ہے، آپ کو میری خاطر اس کا پتہ لگانا ہوگا۔یاد رہے کہ گذشتہ 12 سالوں سے مسلح علیحدگی پسندوں کی جانب سے بغاوت کے باعث ایک ساتھ دو دھماکے تھائی لینڈ کے تین جنوبی صوبوں میں تواتر کے ساتھ ہوتے رہے ہیں۔