اسلام آباد میں کانفرنس اور 2روزہ ایکسپو کا انعقاد کیا جائے ، وزارت منصوبہ بندی
اسلام آباد (اے پی پی) وزارت منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات کے زیر اہتمام پاک چائنہ فرینڈشپ سنٹر اسلام آباد میں 17اگست کو پاکستان کی ترقیاتی سفر کے 70سال پورے ہونے پر ایک روزہ کانفرنس اور دو روزہ ایکسپو کاانعقاد کیاجائے گا۔ کانفرنس میں 5سالہ منصوبہ اکنامک ماڈل پر تفصیلی بحث ہو گی۔ وزارت منصوبہ بندی کے ذرائع کے مطابق کانفرنس میں وژن 2025 پر بھی تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ جس کے نتیجے میں پاکستان 2025ء تک صف اول کے 25 معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ کانفرنس کے موقع پر وژن 2025کی تیسری سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے ۔کانفرنس میں اکیڈیمیا، میڈیا ، صوبائی اور وفاقی حکومتوں اور صنعت کے شعبے سے متعلق شراکت دار شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کا مقصد ملک میں ترقیاتی عمل کے حوالے سے مذاکرات کا انعقاد اور تبادلہ خیال کرنا ہے۔ اجلاس کے موقع پر شرکاء کو پاکستان کی کامیابیوں اور سوشو اکنامک کی شرح نمو سے آگاہ کیاجائے گا۔ کانفرنس میں شرکت کے لئے مختلف یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات، یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز ، ماس کمیونیکیشن، سوشل سائنسز کے شعبوں کے سربراہان، پبلک سیکٹر، پیمرا، پریس کونسل آف پاکستان ، پاکستان براڈ کاسٹنگ ایسوسی ایشن، صنعت کاروں، ایڈورٹائزنگ ایجنسیز، مشہور اینکرز اور میڈیا چینلز کے منتظمین کو بھی دعوت دی گئی ہے ۔ اس موقع پر منعقد ہونے والی پاکستان ڈویلپمنٹ ایکسپو میں 1947ء سے لے کر اب تک ہر ایک عشرے کے اہم ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کیاجائے گا۔ ایکسپو میں وزارت پانی و بجلی ، وزارت پٹرولیم، وزارت پورٹس وشپنگ ، وزارت صنعت وپیداوار کو بھی مدعو کیاگیا ہے۔