سی پیک خطے میں ترقی اور امن کا منصوبہ ہے ،میاں عامر صدیق

سی پیک خطے میں ترقی اور امن کا منصوبہ ہے ،میاں عامر صدیق

چیچہ وطنی (اے پی پی )ساہیوال چیمبر کے صدر میاں عامر صدیق نے کہا ہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری خطے میں ترقی اور امن کا منصوبہ ہے جس سے نہ صرف ملک میں بے روز گاری کا خاتمہ ہو گا بلکہ پڑوسی ملکوں کے مابین اقتصادی تعاون میں بھی اضافہ ہو گا ۔پاکستان کی ترقی کے لئے چین کا بھر پور تعاون جنوبی ایشیا میں باہمی مسائل کا حل کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا اور سرمایہ کاری اور آزادنہ تجارت سے ملک میں خوشحالی ہو گی ۔ ساہیوال آرٹس کونسل میں آزادی تقریبات کے سلسلے میں’’ پاک چائینہ اقتصادی راہداری ،امن اور ترقی کا سفر‘‘کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ،اس موقع پر ہڑپہ میوزیم کے کوارڈینیٹر محمد حسن ،ممتاز صنعت کار میاں راشد حمید ،الائیڈ سکول کے چیئر مین شہزاد اور ریذیڈنٹ ڈائریکٹر سید ریاض ہمدانی بھی موجود تھے ۔انکا کہنا تھا کہ چین دنیا میں امن کے داعی کے طور پر ابھر رہا ہے جس سے چین کا اقتصادی اور سٹریٹیجک تعاون پاکستان کی اقتصادی صورتحال کو بہتر کرنے اور یہاں بے روز گاری کے خاتمے میں معاون ثابت ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو جغرافیائی خطے سے نوازا ہے جو وسطی ایشیا ۔جنوبی ایشیااور مشرق وسطی کے لئے گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں امن و امان کو بہتر بنایا جائے اور یہاں موجود افراد ی قوت کو فنی تعلیم دی جائے تا کہ اس اہم منصوبے سے فائدہ اٹھایا جا سکے ۔

مزید : کامرس