امریکہ میں خریداروں نے پاکستانی فرنیچر میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا
لاہور(کامرس رپورٹر) امریکہ میں فرنیچر کی صنعت سے وابستہ افراد اور خریداروں نے عالمی معیار کے ہاتھ سے بنے اور روایتی پاکستانی فرنیچر میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان فرنیچر کے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اپنے دورہ امریکہ کے دوران جمعرات کو پی ایف سی کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں امریکی فرنیچر پروڈیوسرز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس دورہ کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے مابین فرنیچر کی تجارت کا فروغ، کاروباری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور مثبت لائنوں پر پائیدار کام کے فروغ کے لئے کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ نیویارک کی مارکیٹوں میں پاکستان کے ہاتھ سے تیار کلاسیکی فرنیچر کی بڑی مانگ ہے اور امریکہ کو پاکستان سے فرنیچر کی برآمد میں اضافہ کرنے کے کافی مواقع موجود ہیں کیونکہ امریکی اور یورپی مارکیٹوں میں فرنیچر اور لکڑی کی مصنوعات کی طلب اضافہ دیکھا جارہا ہے اور صرف امریکہ میں مینوفیکچررز کی سطح پر فرنیچر کی طلب 2021 میں 59.0 بلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں لیکن اس شعبے میں ماہر کارکنوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی ضرورت ہے۔
جس کو پورا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی رہائشی تعمیراتی مارکیٹ میں بہت پھیلاؤ دیکھنے میں آرہا ہے اور امکان ہے کہ امریکہ میں ریئل اسٹیٹ کی صنعت اگلے چند سالوں میں بہت ترقی کرے گی جس سے ہوم فرنیچر مارکیٹ میں بھی سرگرمی بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کارکنوں کی تعداد میں اضافہ اور ان کے آزادانہ طور پر رہنے کے رجحان کے نتیجے میں سروس اپارٹمنٹس اور سنگل سٹوری گھروں کے لئے فرنیچر کی ضرورت میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی خریدار ڈائننگ اور بیڈروم فرنیچر، چمڑے کی مصنوعات اور لباس کے اعلیٰ ذوق کے باعث بلند قیمت، اعلی معیار اور نت نئے ڈیزائن کے تیار کردہ سامان کو خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے بہترین ڈیزائنز کا فیشن عروج پر ہے کیونکہ صارفین وہ ڈیزائن پسند کرتے ہیں جو وہ سوشل میڈیا، ٹی وی، میگزین میں یا دوران سفردیکھ چکے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے امریکی اپنے روایتی فرنیچر سے ہٹ کر زیادہ جدید چیز کے حق میں ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت مختلف زمروں اور رجحانات کو پورا کرتی ہے جو بہت تیزی سے تبدیل ہوتے ہیں اس لئے ہمیں ان چیزوں کو پیش کرنا ضروری ہے جو ان تیز رفتار رجحانات کی عکاس کرتے ہوں، ہم پی ایف سی کے ماہرین کے ساتھ مل کر نئی چیزوں اور ڈیزائنوں کو تخلیق کرنے کے لئے کام کریں گے اور ہمارا عزم گاہکوں کے رجحانات اور سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے بہترین فرنیچر کی تیاری ہو گا۔انہوں نے کہا کہ امریکی خریدار اپنے صارفین کی پسند کے مطابق مناسب اور اعلی معیار کے فرنیچر کی تلاش میں پی ایف سی کی انٹیریئرز پاکستان نمائشوں میں شرکت کرتے ہیں جوکراچی، اسلام آباد اور لاہور کے ایکسپو مراکز میں منعقد ہوتی ہیں جہاں انہیں جدید ترین ڈیزائنوں کو دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے امریکی فرنیچر کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور خریداروں کو لاہور میں نویں سہ روزہ انٹیریئرز پاکستان بین الاقوامی نمائش میں شرکت کی دعوت دی جو 15 دسمبر سے شروع ہو گی اور کہا کہ پی ایف سی انہیں اس ضمن میں تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔