نواز شریف جی ٹی روڈ پر آتے ہی بے نقاب ہو گئے،عبدالعلیم

نواز شریف جی ٹی روڈ پر آتے ہی بے نقاب ہو گئے،عبدالعلیم

لاہور( نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ اپنے ہی سائے سے ڈرنے والے نواز شریف جی ٹی روڈ پر آتے ہی بے نقاب ہو گئے ان کی دم پر پاؤں کس نے رکھا یہ تو وقت ہی بتائے گا ۔عبدالعلیم خان نے نواز لیگ کی ریلی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ نواز شریف کی وہی گھسی پٹی تقریریں درحقیقت ان کی سیاسی موت کی نوحہ ہیں،سابق اور نا اہل وزیر اعظم کی چوری پکڑی گئی ہے اور وہ اب شور مچاکر مسروقہ مال بچانے کی کوشش کررہے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی منفی سوچ اور اداروں سے محاذآرائی کی وجہ سے تیسری بار اقتدارکے ایوانوں سے رسوا ہوکر نکلنا پڑا،کرپشن پر ہتھکڑیاں لگنے میں تھوڑی سی تاخیر ہونے کی وجہ سے انہیں سیاسی شہید بننے کیلئے مہم چلانے کی جرات ہوگئی،انہوں نے کہاکہ نواز شریف اپنی تقریروں میں عدلیہ پر براہ راست حملے کرتے ہوئے عوامی حمایت حاصل کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے ریلیوں میں لائے جانے والے افرادکی نعرے بازی سپریم کورٹ کا فیصلہ تبدیل نہیں کرسکتی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1